Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

فیس بک اور انسٹا گرام کو اے آئی کریکٹرز سے بھرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

آرٹی فیشل انٹیلی جنس کریکٹرز کی اپنی پروفائل پکچرز ہوں گی
شائع 31 دسمبر 2024 09:13pm

میٹا نے فیس بک اور انسٹا گرام کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس کریکٹرز سے بھرنے کا فیصلہ کر لیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق میٹا کی جانب سے اے آئی کریکٹرز کو اس خیال سے فیس بک اور انسٹا گرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ انگیج منٹ بڑھ سکے۔

صارفین اے آئی کردار میٹا کے اے آئی اسٹوڈیو میں جاکر تیار کرسکیں گے تاکہ آپ ان سے اسی طرح رابطہ کرسکیں جیسے حقیقی انسانوں سے ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں کرتے ہیں۔

میٹا کے جنریٹیو اے آئی شعبے کے نائب صدر کونر ہیزکا کہنا ہے کہ ہمیں توقع ہے کہ یہ اے آئی کریکٹرز وقت کے ساتھ ہمارے پلیٹ فارمز پر موجود ہوں گے، بالکل اسی طرح جیسے ابھی صارفین کے اکاؤنٹس موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان اے آئی کریکٹرز کی اپنی پروفائل پکچرز ہوں گی جبکہ وہ اے آئی پر مبنی مواد تیار کرکے شیئر کرسکیں گے، اے آئی کریکٹرز کوئی نیا فیچر نہیں بلکہ اے آئی اسٹوڈیو میں جاکر انہیں تیار کرنے کا آپشن موجود ہے۔

کونر ہیز کے مطابق اب تک اے آئی اسٹوڈیو کے ذریعے لاکھوں اے آئی کریکٹرز تیار کیے جاچکے ہیں، مگر میٹا کا ماننا ہے کہ ابھی تو آغاز ہے کیونکہ اے آئی اسٹوڈیو کو امریکا سے باہر دیگر ممالک میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی کی ترجیح ہے کہ اگلے 2 سال میں اے آئی ٹیکنالوجی کو زیادہ سوشل بنایا جائے۔

فرضی کرداروں کے ساتھ ساتھ اے آئی اسٹوڈیو میں فیس بک اور انسٹا گرام صارفین کو اپنی ذات کے اے آئی ورژن تیارکرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، جس سے ان کے فالوورز بات کرسکتے ہیں۔

ان اے آئی کرداروں سے صارفین کی پرائیویسی کو خطرات لاحق ہیں یا نہیں، ابھی یہ کہنا مشکل اور قبل ازوقت ہے۔

میٹا ٹیم کی سابق سربراہ بیکی اون نے کہا کہ ٹھوس حفاظتی اقدامات کے بغیر اے آئی اکاؤنٹس سے گمراہ کن مواد پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسا بھی ممکن ہے کہ اس سے صارفین کو فائدہ نہ ہو بلکہ یہ اے آئی کریکٹرز صارفین کی ساکھ کو تباہ کردیں، انسانی صارفین کے برعکس اے آئی کرداروں کو زندگی کے تجربات یا جذبات کا علم نہیں ہوتا ہے۔

world

TECHNOLOGY

LATEST TECHNOLOGIES

Meta Services

future technology