Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو 34 سال قید کی سزا

انسداد دہشت گردی کے جج نے خالد خورشید کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
شائع 31 دسمبر 2024 02:33pm

سیکورٹی اداروں کو دھمکی دینے اور مقدمہ سے راہ فرار اختیار کرنے پر انسداد دہشتگری عدالت گلگت کے جج رحمت شاہ نے ایک مقدمے میں مختلف دفعات کے تحت سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو مجموعی طور پر 34 سال کی سزا سنا دی اور 6 لاکھ کا جرمانہ عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق 26 جولائی 2024 کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید اتحاد چوک گلگت میں ایک جلسے کے دوران سیکیورٹی اداروں کو بشمول چیف سیکریٹری ،چیف الیکشن کمیشنر گلگت بلتستان کو سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔

دھمکی کا مقدمہ سٹی تھانہ گلگت میں درج کیا گیا تھا۔ اس دوران انسداد دہشتگری کی عدالت گلگت میں خالد خورشید کے خلاف مقدمہ کی کارروائی جاری رہی۔

اس دوران سابق وزیر اعلیٰ روپوش رہے۔ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو وکیل صفائی بھی دیا گیا جس نے کیس کا بھرپور دفاع کیا ۔

عدالت کی کارروائی مکمل ہونے پرآج بروز منگل انسداد دہشتگری گلگت بلتستان کی عدالت کے جج رحمت شاہ نے سابق وزیراعلی گلگت بلتستان کو مجموعی طور پر 34 سال قید اور 6 لاکھ کا جرمانے کی سزا سنائی۔

جج نے آئی جی پولیس کو حکم دیا کہ مجرم کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا جائے اور ڈی جی نادرا کو حکم دیا ہے کہ مجرم کا قومی شناختی کارڈ بلاک کیا جائے۔

پاکستان

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)