Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

بیلجیئم ڈسپوزیبل ای سگریٹ پر پابندی عائد کرنے والے یورپی ممالک میں سب سے آگے

ای سگریٹ میں نکوٹین پائی جاتی ہے جسمیں بہت زیادہ نشہ ہوتا ہے
شائع 31 دسمبر 2024 10:59am

بیلجیئم میں یکم جنوری سے ڈسپوزیبل (ایک بار استعمال ہونے والے) ویپس کی فروخت پر پابندی عائد کردی جائے گی۔ جہاں ڈسپوزیبل ای سگریٹ ایپل اور کولا سمیت مختلف فلیورز کی وجہ سے نوجوانوں میں بے حد مقبول ہے۔

یورپی ملک کایہ فیصلہ تمباکو نوشی کے خلاف اپنے قومی منصوبے کے پیش نظر کیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کی صحت کو یقینی بنانا ہے اوربیلجیم یہ اقدام اٹھانے والا یورپی یونین کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

ایپل نے آئی فون 14 اور ایس ای کی فروخت بند کردی

یورپی یونین کا مقصد 2040 تک تمباکو سے پاک نسل کا حصول ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ 27 ممالک کے بلاک میں تمباکو نوشی کی آبادی 25 فیصد سے کم ہو کر مجموعی طور پر 5 فیصد یا اس سے بھی کم ہوجائے تاہم چند ممالک اس ڈیڈ لائن کو آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ویپس یعنی ای-سگریٹ کو اکثر روایتی تمباکو کی مصنوعات کے مقابلے میں کم نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔ ویپس اپنی منفرد اور رنگین پیکیجنگ اور مختلف فلیورز کے ساتھ ساتھ دھوئیں کی بدبو نہ ہونے کی وجہ سے نوجوانوں میں بے حد مقبول ہے۔

ان تمام چیزوں کے باوجود ای سگریٹ میں نکوٹین پائی جاتی ہے جسمیں بہت زیادہ نشہ پایا جاتا ہے، اس لیے خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے کہ اس کے ذریعے نوجوانوں کا رحجان روایتی تمباکو کی مصنوعات کی طرف ہوسکتا ہے۔

بیلجیئم کا دعویٰ ہے کہ اس نے تقریبا 5 سال پہلے مارکیٹ میں آنے والے ڈسپوزیبل ای سگریٹ سے پیدا ہونے والے خطرات پر فوری ردعمل ظاہر کیا ہے۔

سال 2021 میں وفاقی حکومت نے یورپی یونین کے ایگزیکٹو ادارے یورپی کمیشن کو ایک بار استعمال ہونے والے ویپس پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

یاد رہے کہ یورپی ممالک میں کسی بھی چیز کی فروخت پر پابندی کے لیے یورپی کمیشن کی منظوری ضروری ہے، کمیشن نے مارچ 2024 میں ویپس پر پابندی سے متعلق بیلجیئم کو گرین سگنل دیا، جس سے برسلز کے لیے قانون کے نفاذ کی راہ ہموار ہوئی۔

دوسری جانب، فرانس نے بھی اسی طرح کی پابندی کے لیے یورپی یونین کی منظوری حاصل کر لی ہے جس کی منظوری ملتے ہی فرانسیسی قانون ویپس کی پیداوار ، فروخت پر پابندی عائد کردے گا اور خلاف ورزی پر ایک لاکھ یورو کا جرمانہ ہوگا۔

فرانس اور بیلجیئم میں ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ نکوٹین کا استعمال خاص طور پر نوجوانوں کے دماغ کے لیے نقصان دہ ہے اور دیگر منشیات کے استعمال پر راغب کرسکتا ہے۔

world