Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
29 Jumada Al-Akhirah 1446  

دینی مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر اہم پیش رفت، صدر نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کردیے

قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی
اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2024 04:40pm

دینی مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کر دئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر کے دستخطوں کے ساتھ ہی بل قانون بن گیا ہے، قومی اسمبلی جلد اس حوالے سے گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی، یہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا گیا ہے۔

دو روز قبل پاکستان کی وفاقی کابینہ نے مدارس رجسٹریشن کیلئے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی تھی۔

جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں حکومت اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان تنازعے کا باعث بننے والے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے لیے آرڈیننس کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق کابینہ نے وزارت قانون کی سفارش پر 1860 کے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے آرڈیننس کی منظوری دی۔

مدارس رجسٹریشن کے ترمیمی بل کو پارلیمنٹ نے اکتوبر میں منظور کیا تھا لیکن صدر مملکت آصف علی زرداری نے اعتراضات لگا کر اسے واپس بھیج دیا تھا۔

صدر آصف علی زرداری نے مدارس کی رجسٹریشن کے لیے پہلے سے موجود قوانین جیسے پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ آرڈیننس 2001 اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹوری ٹرسٹ ایکٹ 2020 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان قوانین کی موجودگی میں نئی قانون سازی غیر ضروری ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا تھا کہ ’نئے بل میں مدرسوں کی تعلیم کو شامل کرنے سے 1860 کے ایکٹ کے بنیادی اصولوں کے ساتھ تضاد پیدا ہو گا اور اس قانون کے تحت مدرسوں کی رجسٹریشن فرقہ واریت کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ایک ہی سوسائٹی میں متعدد مدرسوں کی تعمیر سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے اور عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

بعد ازاں سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بتایا تھا کہ مدارس رجسٹریشن ایکٹ کا مسئلہ 26 ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں حل کر لیا گیا ہے۔

ان کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ساتھ مل کر مسودے کو حتمی شکل دی گئی ہے اور اب یہ معاملہ مکمل طور پر طے پا چکا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ترمیم کے تحت وزارت تعلیم یا سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے ذریعے مدارس کی رجسٹریشن ہو گی، جس سے مدارس کے تمام دھڑوں کے مطالبات پورے ہو جائیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی امکان ظاہر کیا تھا کہ صدر مملکت جلد ہی آرڈیننس کی منظوری دے دیں گے، جس کے بعد باضابطہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

مدارس ایکٹ نوٹیفیکیشن جاری ہونے پر جے یو آئی کا اظہارتشکر

ترجمان جے یو آئی کے مطابق قوم ، کارکنان اور اتحاد تنظیمات مدارس کے اکابرین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہمیں اللہ کریم نے سرخرو کیا ، ہماری جدوجہد رنگ لائی ہے۔

جے یو آئی دینی مدارس کے تحفظ میں ہمیشہ کردار ادا کرتی رہے گی، مدارس دینیہ اسلام کے قلعے اور پاکستان کے نظریاتی جغرافیہ کے محافظ ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دینی اداروں کے تحفظ کے لئے علماء کا اتحاد اہم ہے، مدارس کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے، مدارس کی خود مختاری پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

Maulana Fazal ur Rehman

President Asif Ali Zardari

Madaris Registration

Societies Registration Act 2024