Aaj News

منگل, دسمبر 31, 2024  
28 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرم صورتحال: کراچی میں 12 مقامات پر دھرنے جاری، عوام کو شدید مشکلات

شیعہ علمائے کرام کراچی میں احتجاج ختم کرانے کے لئے کردار ادا کریں، ترجمان سندھ حکومت
اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2024 10:01pm

ایک طرف ضلع کرم کی صورت حال پر گرینڈ جرگہ کسی حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا اور معاہدے کا اب بھی انتظار ہے، تو دوسری جانب کرم کی صورتحال پر کراچی میں 12 مقامات پر دھرنے جاری ہیں، سڑکیں بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، لوگوں کا دفاتر آنا اور واپس گھر جانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔

کراچی میں ملیر 15 نیشنل ہائی وے پر ایک بار پھر دھرنا دے دیا گیا، مسلسل چوتھے روز دھرنوں سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، احتجاجی دھرنے نمائش، شاہراہ فیصل ناتھا خان، گولیمار اور انچولی پر جاری ہیں۔

اسی طرح نارتھ کراچی پاورہاؤس چورنگی، یونیورسٹی روڈ، ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن، فائیو اسٹار چورنگی سرجانی کے ڈی اے فلیٹس، عائشہ منزل ، گلستان جوہر کامران چورنگی پر بھی دھرنے جاری ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے، شہر بھر میں ٹریفک کو متبادل روٹ سے گزارا جارہا ہے۔

کراچی میں دھرنے کے باعث ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی کے دونوں ٹریک بند ہیں، ٹریفک کو پیپلز چورنگی، گرو مندر سے سولجر بازار کی طرف موڑا جارہا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سوسائٹی سگنل سے کوریڈور تھری، بریٹو روڈ سے سولجر بازار اور گرو مندر کی طرف ڈائیورشن دی گئی ہے۔

ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن کے سامنے دونوں سڑکیں بند ہیں اور ٹریفک کو پیراڈائز بیکری سے فاریہ چوک کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر بھی دھرنے کے باعث سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی جاری ہے۔

شاہراہ فیصل کالا چھپرا ملیر روڈ پر دھرنے کے باعث ٹریفک کو کارساز، ڈرگ روڈ، ملینیئم، جوہر چورنگی کی جانب پہلوان گوٹھ سے ایئرپورٹ کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملیر، کورنگی انڈسٹریل ایریا، کلفٹن، ڈیفنس سے ائیرپورٹ جانے والے افراد سنگر چورنگی سے شاہ فیصل کالونی روڈ استعمال کرسکتے ہیں، شمع شاپنگ سینٹر شاہ فیصل کالونی پُل سے ائیرپورٹ کا راستہ بھی کھلا ہے۔

نیشنل ہائی وے ملیر 15 پُل کے دونوں ٹریک بند تھے جنہیں کھول دیا گیا، قبل ازیں ٹریفک کو ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی کی طرف موڑا دیا گیا، منزل پمپ سے یونس چورنگی اور داؤد چورنگی سے انڈسٹریل ایریا کی طرف راستہ کھلا تھا۔

انچولی سے سہراب گوٹھ جانے والا ٹریک بھی دھرنے کے باعث بند ہے، جہاں سے ٹریفک کو واٹر پمپ چورنگی سے کارڈیو اسپتال اور گلبرگ چورنگی کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

کامران چورنگی ٹریفک کے لیے بند ہے، جہاں سے متبادل راستہ موسمیات سے یونیورسٹی روڈ اور منور چورنگی ہے۔

ناظم آباد چورنگی کے دونوں ٹریک پر دھرنا ہے اور ٹریفک کو لسبیلہ سے تین ہٹی کی طرف موڑا جارہا ہے۔

مین نیشنل ہائی وے ٹاؤن شپ کے اطراف سڑکیں بند ہونے سے متبادل راستہ ٹھٹھہ والی لنک روڈ اور پورٹ قاسم دیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کی مذہبی جماعت سے اپیل

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ سانحہ کرم پر ہم سب غمزدہ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، کرم واقعہ پر جرگے نے اپنا فیصلہ کرلیا ہے، اب کراچی میں احتجاج ختم کرنا چاہیے۔

انہوں نے اپیل کی کہ مذہبی جماعت کراچی کے شہریوں کی تکلیف کو سمجھے، شہر میں احتجاج کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہے، کراچی کے شہری سڑکیں اور راستے بند ہونے پر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت شیعہ علمائے کرام سے اپیل کرتے ہیں وہ کراچی میں احتجاج ختم کرانے کے لئے کردار ادا کریں، مختلف علاقوں میں ایمبولینس سمیت دیگر اشیاء ضروریہ پہنچانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

سعدیہ جاوید نے پیشکش کی کہ اگر مذہبی جماعت کو احتجاج جاری رکھنا ہے تو شہر کے کسی گراؤنڈز یا پریس کلب کے باہر تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں، ہم مذہبی جماعت کی قیادت سمیت علماء سے عام شہری کی حیثیت سے اپیل کررہے ہیں۔

Parachinar

Kurram Situation

Karachi Sit ins