بھارتی اداکارہ کی بے قابو گاڑی کام میں مصروف مزدوروں پر چڑھ دوڑی
بھارتی اداکارہ کی بے قابو گاڑی کام میں مصروف مزدوروں پر چڑھ دوڑی، ایک محنت کش جان سے گیا۔
پولیس کے مطابق ممبئی میں معروف مراٹھی اداکارہ کی کار کی زد میں آکر مزدور ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا، حادثہ میں اداکارہ اور اس کا ڈرائیور بھی زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ اداکارہ ارمیلا کوٹھارے (ارمیلا کانیٹکر) جمعہ کی رات اپنی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد گھر واپس آرہی تھیں جب ان کی گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق اداکارہ کی تیز رفتار گاڑی نے میٹرو اسٹیشن کے قریب ترقیاتی منصوبے پر رات کی شفٹ میں کام کرنے والے 2 مزدوروں کو کچل دیا۔
پولیس نے بتایا کہ ڈرائیورسے بے قابو کار تلے کچلے جانے سے ایک مزدورموقع پر چل بسا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثہ میں ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوا جبکہ اداکارہ معمولی زخمی ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق کار تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی، ایئر بیگ کھلنے سے خاتون اداکار کی جان بچ گئی، حادثے کے ذمہ دار ڈرائیورکے خلاف تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔