Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کا ایکشن، اووربلنگ میں ملوث افسران کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

اووربلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیراعظم
شائع 28 دسمبر 2024 12:24pm

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسمارٹ میٹر کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے نظام میں شفافیت لائی جاسکے۔ اووربلنگ کسی طور قابل قبول نہیں، اووربلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے بھی ٹھوس اقدامات لیے جائیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے امور زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کے عمل میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انتہائی شفاف عمل کے ذریعے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرٹ پر کی جائے، بھرتیوں کے عمل میں شفافیت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیپرا کے دیے گئے ٹارگٹ کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس کو لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 میں نومبر تک لیسکو کی ریکوری 96.82 فیصد، پیسکو کی ریکوری 87.98 فیصد اور فیسکو کی ریکوری 97.57 فیصد رہی۔

کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 5 روپے تک سستی ہونے کا امکان

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 میں نومبر تک ٹرانسمشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز کے حوالے سے لیسکو 13.04 فیصد، پیسکو 33 فیصد جبکہ فیسکو 6.01 فیصد ہے۔ لیسکو نے 223365 تھری فیز اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کرنے ہیں جن میں سے 49470 کی تنصیب ہو چکی ہے۔ پیسکو نے 152559 اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کرنی ہے جن میں سے 51173 کی تنصیب ہو چکی ہے جبکہ فیسکو نے 192311 اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کرنی ہے جن میں سے 11276 کی تنصیب ہوچکی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ لیسکو، پیسکو اور فیسکو صارفین کو شکایت کے ازالے اور دیگر خدمات کے حوالے سے کال سینٹرز، ای میلز، ویب سائٹس، انٹریکٹو وائس رسپانس، نیپرا کی موبائل اور ویب سروسز کی سہولیات حاصل ہیں۔ بجلی کی ترسیل کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایات کے حوالے سے ہیلپ لائن 118 کی تمام موبائل فون آپریٹرز سے مفت رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اس مالی سال نومبر تک لیسکو نے 99.2 فیصد، پیسکو نے 99.9 فیصد اور فیسکو نے 99.7 فیصد تک شکایات کیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویزملک، وزیراعظم کے کو آرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

PM Shehbaz Sharif

Over Billing