Aaj News

جمعرات, مئ 08, 2025  
10 Dhul-Qadah 1446  

35 افراد کو گاڑی تلے کچلنے والے کو سزائے موت سنا دی گئی

مجرم نے تیز رفتار کار اسپورٹس سینٹر کے باہر ورزش کرنے والوں پر چڑھا دی تھی
اپ ڈیٹ 28 دسمبر 2024 11:35am

چین کی عدالت نے تیز رفتار گاڑی لوگوں پر چڑھا کر 35 افراد کو ہلاک کرنے کے جرم میں ایک شخص کو سزائے موت سنا دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے جنوبی شہر ژوہائی میں نومبر میں 62 سالہ فین نامی شخص نے تیز رفتار کار جان بوجھ کر ایک اسپورٹس سینٹر کے باہر ورزش کرنے والوں پر چڑھا دی تھی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے مجرم کو گاڑی سمیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا تھا۔

اپنی طلاق سے ناراض شخص نے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی، 35 افراد ہلاک 43 زخمی

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق جمعہ کے روز عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کو سزائے موت سنا دی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق عدالت نے فیصلے میں کہا گیا کہ مجرم کے عزائم خطرناک اور جرم کی نوعیت انتہائی سنگین تھی، اس طرح کے واقعات سے معاشرے کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دوران سماعت مجرم فین نے حادثے میں مرنے والوں کے اہلخانہ، سرکاری عہدیداروں اور شہریوں کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔

عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مجرم فین نے یہ انتہائی اقدام اپنی طلاق، اور اس کے بعد جائیداد کی تقسیم کے معاملے پر مطمئن نہ ہونے کے بعد اٹھایا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 12 نومبر کو چین کے جنوبی شہر ژوہائی میں تیز رفتار گاڑی اسپورٹس سینٹر کے باہر لوگوں پر چڑھ دوڑی تھی، جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 43 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

world

china

car accident