Aaj News

جمعہ, مارچ 14, 2025  
13 Ramadan 1446  

رچرڈ گرینیل کے بیان پر پی ٹی آئی میں نااتفاقی

شیر افضل مروت اور شیخ وقاص اکرم کے متضاد بیانات
شائع 26 دسمبر 2024 08:19am

پاکستان تحریک انصاف میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد مشیر رچرڈ گرینیل کے بیان پر نااتفاقی نظر آرہی ہے۔

ایک طرف پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بانی کی رہائی کا کوئی بھی مطالبہ کرتا ہے تو ہم اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اس سے پہلے بھی یورپین یونین سے بھی بانی کی رہائی کی آوازیں اٹھی ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ ملکی معاملات میں کسی کی مداخلت قبول نہیں ہے۔

انہوں نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے ہمدردی کے بیانات ان کی اپنی رائے ہے، حکومت جانے اور وہ لوگ جانیں، ہم کسی کی طرف نہیں عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ئی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس وقت کے پاکستانی سربراہ حکومت سے بہترین تعلقات تھے، پاکستان کی جیل میں قید رہنما ٹرمپ کی طرح سیاست میں آؤٹ سائیڈر تھے،کامن سینس کی بات کرتے تھے۔

ایک امریکی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو انٹرویو دیتے ہوئے رچرڈ گرینل نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملکوں سے مختلف انداز میں ڈیل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد وزیرخارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے۔

نامزد وزیرخارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے، رچرڈ گرینل

ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ جوکام چار سال میں کرنے میں ناکام رہی وہ آخری 45 دن میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ایک سوال پر رچرڈگرینل نے کہا کہ گزشتہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس وقت کے پاکستانی سربراہ حکومت سے بہترین تعلقات تھے، پاکستان کی جیل میں قید رہنما ٹرمپ کی طرح سیاست میں آؤٹ سائیڈر تھے،کامن سینس کی بات کرتے تھے۔

ان کا کہناتھا کہ چاہتے ہیں سابق وزیراعظم کو رہا کیا جائے ان پر ویسے ہی الزامات ہیں جیسے ٹرمپ پر تھے، ترجمان محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پیچیدہ گفتگو کی، اصل بات یہی ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کو رہا کیا جائے۔

Sher Afzal Marwat

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Sheikh Waqas Akram

Richard Grenell