حضرت عیسیٰ کی جائے پیدائش پر آج قتل و غارت کا بازار گرم ہے، وزیراعظم
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش پر آج قتل و غارت کا بازار گرم ہے۔
شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے موقع پر دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں ہم سب نے امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا قرآن پاک میں واضح ذکر آتا ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش پر آج قتل وغارت کا بازار گرم ہے، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے، دنیا کے مسیحیوں کو چاہیے کہ وہ خون ریزی کو روکنے کیلئے بھرپور آواز اٹھائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک مسیحی برادری کی خدمات نمایاں ہیں، زندگی کے تمام شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔