Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم شہباز شریف نے جناح ایونیو انٹرچینج انڈر پاس کا افتتاح کر دیا

42 دن کی ریکارڈ مدت میں منصوبے کو مکمل کیا گیا، دن رات کام کرنے سے ہی قومیں ترقی کرتی ہیں، شہباز شریف کا خطاب
شائع 24 دسمبر 2024 06:30pm

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں جناح ایونیو انٹرچینج انڈر پاس کا افتتاح کر دیا اور انہوں نے کہا ہے کہ 42 دن میں انڈر پاس کی تعمیر نیا ریکارڈ ہے، انشا اللہ اسی رفتار سے ترقی کا سفر جاری رہے گا، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی آگے لے کر جائیں گے۔

اسلام آباد میں جناح ایونیو انٹرچینج انڈرپاس کی افتتاحی تقریب ہوئی، وزیراعظم، وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیراطلاعات عطاتارڑ سمیت دیگر وزرا کے ساتھ تقریب میں شریک ہوئے۔

کیپٹیل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین نے وزیر اعظم کو جناح ایونیو انٹرچینج کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے میں سیفٹی اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔

اس میں بتایا گیا کہ جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے کے پہلے مرحلے میں 950 میٹر انڈر پاس مکمل کیا گیا، جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے میں سیفٹی اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج سے 42 دن پہلے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا، 42 دن کی ریکارڈ مدت میں منصوبے کو مکمل کیا گیا، دن رات کام کرنے سے ہی قومیں ترقی کرتی ہیں، چیئرمین سی ڈی اے، ان کی ٹیم اور کنٹریکٹرز کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعطم نے کہا کہ فلائی اوور مکمل ہونے سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے، سرینا چوک منصوبے پر بھی کام ہورہا ہے، یقین ہے اسی برق رفتاری سے سرینا چوک منصوبہ بھی مکمل ہوگا، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے تعمیر کے دوران ٹریفک کا ماحول برقراررکھا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی اور ٹیم نے دن رات محنت کی، محسن نقوی راتوں کو بھی منصوبے کا دورہ کر کے کام کا جائزہ لیتے رہے، انشا اللہ اسی رفتار سے ترقی کا سفر جاری رہے گا، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی آگے لے کر جائیں گے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی

وزیرداخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کی ٹیم نے دن رات محنت کی، ایک ہزار 8 گھنٹوں میں منصوبے کو مکمل کیا, جناح ایونیو انٹرچینج انڈر پاس منصوبے کو 42دنوں میں مکمل کیا گیا، جتنی بھی محنت کر لیں مگر وزیراعظم صاحب آپ کا مقابلہ تو نہیں کر سکتے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم مارچ تک اسلام آباد کے لوگوں کیلئے نرسری بنائیں گے،نرسری میں معیاری پھول اور درخت ملیں گے، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ اسلام آباد میں فائیو اسٹار ہوٹل بنائے جائیں، 10دن میں فائیو اسٹار ہوٹل کا پلان بنا کر وزیراعظم کو دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف 10چوک پر بھی ہم کام کررہے ہیں، سرینا چوک کا انڈر پاس ہم 60دن میں مکمل کریں گے،ہم قذافی اسٹیڈیم اپ گریڈیشن 75دن میں مکمل کررہے ہیں۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

innaugration

Jinnah Avenue Interchange Underpass