Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک فضائیہ کے سربراہ سے آذربائیجان کے اعلیٰ سطح دفاعی وفد کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے اہم امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا
شائع 24 دسمبر 2024 05:46pm

سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے آذربائیجان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع جنرل عقیل قربانوف کی قیادت میں لیفٹننٹ جنرل نمیگ اسلام زادے اور دیگر اعلی حکام پر مشتمل وفد نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ چیف آف دی ایئر اسٹاف نے پاکستان ایئر فورس کی حالیہ کامیابیوں کو اجاگر کیا اور ایئر چیف نے دوطرفہ تعلقات خاص طور پر آپریشنل اور تربیتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ ایئرچیف نے دو طرفہ تربیتی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جب کہ آذری ایئر اور گراؤنڈ کریو اس وقت پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس پر تربیت حاصل کر رہا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ پاکستان میں آذری فضائیہ کا تربیتی پروگرام مقررہ شیڈول کے مطابق چل رہا ہے، آذری عملے کا تربیتی کورس 50 فیصد سے زیادہ مکمل ہوچکا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق آذربائیجان کے اعلیٰ سطح دفاعی وفد کا دورہ دونوں ممالک کی فوجی شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

Pakistan Navy