Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی پابندیوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، پاکستان کی سکیورٹی کے فیصلے قوم کرے گی، دفتر خارجہ

کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے، ملٹری ٹرائل پر یورپی یونین کی تشویش پر ردعمل
شائع 24 دسمبر 2024 08:31am

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی کے فیصلے پاکستانی قوم کرے گی اور کسی بیرونی دباؤ کا اثر نہیں ہونے دے گی۔

ممتاز زہرا بلوچ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی مختلف پابندیوں کا سامنا کیا ہے، مگر ملک نے ہمیشہ اپنی سکیورٹی پر توجہ مرکوز رکھی ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا۔

امریکی پابندیاں: کیا پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر فرق پڑے گا؟

ممتاز زہرا بلوچ نے امریکی پابندیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں کا پاکستان کے دفاعی فیصلوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

انہوں نے امریکا کی جانب سے پاکستانی میزائل پروگرام پر عائد پابندیوں کو غیر ضروری اور نا انصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی پوزیشن کو کمزور نہیں کر سکتے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ خطے میں میزائل سسٹمز اور جوہری ٹیکنالوجی کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا ہے اور بڑی طاقتوں کو بھارت کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے چاہیے تاکہ اس دوڑ کو روکنے میں مدد ملے۔

اس کے علاوہ، فوجی عدالتوں سے متعلق یورپی یونین کے تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور عدالتوں میں اندرونی معاملات حل کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنا جانتی ہے اور اس معاملے میں کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔

US sanctions

Mumtaz Zahra Baloch

Pakistan Missile Program

9 May Military Court Judgement