امریکا میں اُڑتے پراسرار ڈرونز نے عوام پر زہریلا کیمیکل چھڑکنا شروع کردیا؟
امریکا کی ریاستوں میں اُڑتے پراسرار ڈرونز نے جہاں شہریوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے وہیں سوشل میڈیا صارفین نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈرون امریکی شہریوں پر زہریلے کیمیکل کا اسپرے بھی کرنے لگا۔
یہ دعویٰ ایک امریکی سوشل میڈیا صارف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کیا۔ ویڈیو کو شئیر کرتے ہوئے کیپشن درج کیا کہ اب ڈرونز نے کیڑوں کی طرح امریکی شہریوں پر بھی اسپرے کرنا شروع کر دیا ہے۔
وہیں ایک اور ایکس صارف نے ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ جب لوگ پوچھیں گے کہ انہوں نے برڈ فلو کیسے پھیلایا؟ یاد رکھیں ڈرونز اسپرے کرسکتے ہیں۔
ویڈیو کی حقیقت کیا نکلی؟
مسبار ویب سائٹ کی جانب سے مذکورہ ویڈیو کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ گردش کرنے والی ویڈیو گمراہ کن ہے۔
آسمان پر اُڑنے والے ڈرونز کی ویڈیو حالیہ نہیں بلکہ 2 سال پرانی ہے جو امریکا نہیں بلکہ چین میں بنائی گئی ہے۔
سوشل میڈیا ٹرولز کے دعوے کے برعکس، یہ ویڈیو نہ تو حالیہ ہے اور نہ ہی امریکہ میں فلمائی گئی ہے۔ مسبر کی تفتیشی ٹیم نے اصل ویڈیو کا سراغ لگایا، جسے نومبر 2022 میں یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا گیا تھا، جس کا عنوان تھا “چین میں کووڈ کے خلاف ڈرون کے ذریعے اسپرے کیمیکلز کا چھڑکاؤ۔
ویڈیو کے ڈسکرپشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ سال 2022 میں کورونا وبا کے دوران شوٹ کی گئی تھی، جس میں دکھایا گیا تھا کہ چین میں رات کے وقت ڈرونز کو کیمیکل چھڑکنے اور کورونا وائرس پھیلنے کے دوران سڑکوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے لانچ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکا کے مختلف حصوں میں پراسرار ڈرونز دیکھے جانے کے بعد کئی سازشی نظریات سامنے آئے۔
پراسرار ڈرونز کے یہ نظارے سب سے پہلے نومبر میں مورس کاؤنٹی، نیو جرسی کے قریب شروع ہوئے تھے لیکن اس کے بعد دیگر ریاستوں کے علاوہ میساچوسٹس، ورجینیا، پنسلوانیا اور نیویارک تک پھیلے۔
فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اور امریکی حکومت نے ان ڈرون سائٹنگز کو خطرناک قرار دینے سے انکار کیا تھا۔