Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے اتحادیوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی، کل ملاقات متوقع

کمیٹوں میں سنجیدہ لوگ ہیں، مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، بیرسٹر گوہر
اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2024 03:32pm
PM sets up negotiating committee | PTI - Breaking News - Aaj news

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کیلئے حکومتی اتحادیوں کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو ملاقات کی دوت دے دی۔

گزشتہ رات چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کروا دی ہے، امید ہے کل تک کمیٹی بن جائے گی اور مذاکرات ہوں گے۔

جس کے بعد اسپیکر ایاز صادق نے بھی بیرسٹر گوہر کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کے جواب میں وزیراعظم پاکستان سے حکومت کی مذاکراتی ٹیم تشکیل کرنے کی استدعا کر دی گئی ہے۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا تھا کہ اگر حکومت نے سنجیدگی دکھائی تو سول نافرمانی کی کال واپس لے لیں گے، اگر اتوار تک ہماری بات نہ مانی گی تو اوورسیز اتوار سے پیسے نہیں بھیجیں گے

بعدازاں، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی ہمشیرہ علیمہ خان کے زریعے جیل سے بھجوائے گئے پیغام میں کہا تھا کہ کل سے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال پرعمل شروع کردیا جائے۔

اور اب اتوار کو وزیر اعظم نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس میںنائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اعظمکے مشیر رانا ثنا اللہ خان، سینٹر عرفان صدیقی، پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، استحکام پاکستانی پارٹی کے عبدالعلیم خان اور مسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔

کمیٹی تشکیل دینے کے بعد وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔

سانحہ 9 مئی: فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تحت سزا پانے والوں کی تفصیلات جاری

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، میں اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔

دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو کل ملاقات کی دعوت

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو کل ملاقات کی دعوت دے دی ہے۔

ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے وزیراعظم کی طرف سے کمیٹی تشکیل دینے کا خیر مقدم اور اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، اسپیکر افس کے دروازے ہمیشہ اراکین کے لیے کھلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے، مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو کل پیر دن ساڑھے گیارہ بجے ملاقات کی دعوت دی ہے۔ دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔

کمیٹوں میں سنجیدہ لوگ ہیں، مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، بیرسٹر گوہر

چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی کمیٹی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں یہ خوش آئند بات ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں، امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کمیٹوں میں سنجیدہ لوگ ہیں، مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، پُرامید ہیں کہ اب مذاکراتی عمل شروع ہونے جارہا ہے۔

ہماری مذاکراتی کمیٹی کے دو ہی ایجنڈے ہیں، عمر ایوب

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی نیک نیتی سے بنائی ہے، اب حکومت نے بھی مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے۔

عمر ایوب نے ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مذاکراتی کمیٹی کے دو ہی ایجنڈے ہیں، 9 مئی اور 26 نومبر واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات نہ مانے تو سول نافرمانی شروع کریں گے، ہم بیرون ملک سے آنے والے زرمبادلہ کو بند کرنے کا کہیں گے۔

ملاقات کی دعوت پی ٹی آئی نے قبول کرلی، وقاص اکرم

ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اسپیکر ایاز صادق کی ملاقات کی دعوت پی ٹی آئی نے قبول کرلی ہے، پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کل ملاقات کے لیے جائے گی، ملاقات کی پیش رفت سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا جائے گا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سول نافرمانی تحریک کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، امید ہے حکومتی کمیٹی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی، مستقبل کی حکمت عملی کا تعین بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

PM Shehbaz Sharif

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI Government Talks