Aaj News

جمعہ, دسمبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Akhirah 1446  

نائیجیریا: میلے میں بھگدڑ سے 30 بچے ہلاک، تعداد بڑھنے کا اندیشہ

منتظمین نے5 ہزار بچوں کیلئے کھانے اور تحائف کی اشیاء فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2024 10:31pm

نائیجیریا میں عبادان کے بشورون اسلامک ہائی اسکول میلے میں بھگدڑ کے نتیجے میں 30 سے زائد بچے ہلاک ہوگئے.

نائیجیریا میں عبادان کے بشورون اسلامک اسکول کے میلے میں مچی بھگدڑ میں 30 سے زائد بچے ہلاک ہو گئے، حکام کا کہنا ہے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

اویو اسٹیٹ پولیس کے ترجمان ایڈیوال اوسیفسو نے کہا کہ متاثرین کی صحیح تعداد کا تعین کرنےکیلئے تحقیقات جاری ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ جنوب مغربی نائجیریا کی ریاست اویو میں ایک میلےمیں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 30 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان ڈوٹن اویلیسا نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کے تفصیلی بیان کے بعد یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔ جب حالات جاننے کیلئے ان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ متاثرین کی صحیح تعداد کا تعین کرنے کیلئے اب بھی تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اس میلے کا اہتمام وومن ان نیڈ آف گائیڈنس اینڈ سپورٹ نامی ایک غیر سرکاری تنظیم نے کیا تھا اور کہا جاتا ہے کہ اس کی بانی ناومی سلیکوونلا سے پولیس پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق منتظمین نے5 ہزار بچوں کیلئے کھانے اور تحائف کی اشیاء فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن بدھ کی صبح 5 بجے کے قریب ہی 8 ہزار افراد وہاں پہنچ گئے۔

جائے وقوعہ پر موجود متعدد ذرائع نے بتایا کہ متاثرین احاطے کے مین گیٹ کو توڑنے کی کوشش کے دوران مچی بھگدڑ کے سبب جاں بحق ہوئے۔