امریکا: دوران پرواز پائلٹ نے مسیحا خاتون کو گلے لگا لیا
امریکا میں دوران پرواز جہاز میں حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے، پائلٹ نے طیارے میں موجود نوجوان خاتون کو گلے لگا لیا، صورتحال پر تمام مسافر حیرت زدہ رہ گئے۔
یونائیٹڈ ایئرلائن کی پرواز کے مسافر اس وقت حیران رہ گئے، جب پائلٹ جہاز کے ٹیک آف سے کچھ دیر قبل ایک خاتون مسافر کا نام لے کر کاک پٹ سے نکل آیا۔
طیارے کے پائلٹ نے حیرت زدہ مسافروں کو بتایا کہ نوجوان خاتون دراصل اس کی بون میرو ڈونر ہے، اسی ینگ لیڈی نے میری جان بچائی تھی۔
جہاز کے کپتان کی کہانی سن کر مسافروں نے دل کھول کر تالیاں بجائیں، سارے واقعہ کو مسافر لورا لو جیوڈائس نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کرلیا۔
واقعہ ہیوسٹن کے جارج بش ایئرپورٹ سے نیویارک انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے کے دوران 14 دسمبر کی ایک پرواز کے دوران پیش آیا۔
کاک پٹ سے باہر آکر پائلٹ نے کہا کہ وہ ایک شاندار کام کر رہا ہے، اس نے اچانک آگے بڑھ کر خاتون کو گلے لگایا، دونوں ایک دوسرے سے مل کر چمک اٹھے۔
پائلٹ نے عملے اور مسافروں کو حیرت انگیز کہانی سناتے ہوئے کہا کہ نوجوان خاتون نے میری جان بچائی تھی، اس کی مہربانی سے میں آج آپ کے زندہ موجود ہوں۔
اس نے کہا کہ یہ عورت اپنے بھائی سے بھی زیادہ قریبی ڈونر میچ تھی، پائلٹ نے خاتون کو ”حقیقی ہیرو“ قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر گلے لگایا۔
واضح رہے کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ ایک پیچیدہ اور زندگی بچانے والا علاج ہے جس میں صحت یابی کے لئے طویل علاج اور صبر درکار ہوتا ہے۔