Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرم میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب، اہم فیصلے متوقع

اجلاس میں متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے علاقے میں دیرپا امن کیلئےلائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
شائع 19 دسمبر 2024 01:03pm

ضلع کرم میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کل صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں ضلع کرم میں لوگوں کو اشیائے ضروریہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن کے قیام کے لئے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

صوبائی ایپکس کمیٹی کا یہ اہم اجلاس وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔

اجلاس میں کرم میں امن و امان کی تازہ صورتحال، قیام امن کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات اور دیگر متعلقہ معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں ضلع کرم میں لوگوں کو اشیائے ضروریہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن کے قیام کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

فورم میں تمام متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اجلاس کو علاقے میں امن کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کے تشکیل کردہ گرینڈ جرگے کی طرف سے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

اعلیٰ سول اور عسکری قیادت، متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے حکام اجلاس میں شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاراچنار کو دیگر اضلاع سے لنک کرنے والی سڑک پچھلے 71 دنوں سے آمد و رفت کیلئے بند ہے، جس سے اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، شہر میں خوردونوش، ادویات، ایندھن سمیت دیگر اشیاء کا ذخیرہ مکمل ختم ہوچکا ہے۔

شہر میں پیٹرول پمپ ، ہوٹلز، نان بھایان بند ہیں، شدید سردی کے باعث پاراچنار شہر میں ایل پی جی اور لکڑی بھی ناپید پے،اشیائے ضروریات کی عدم دستیابی کے باعث شہری ایک ایک چیز کیلئے ترس رہے ہیں، عوام فاقوں پر مجبور ہیں، جبکہ روڈ کھولنے کیلئے موثر اقدامات تاحال نہیں اٹھائے گئے ہیں۔

Kurram Clashes

KPK Apex Committee Meeting

Kurram Situation