Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرک: گیس نہیں تو پولیو مہم بھی نہیں، احتجاجی خواتین نے پولیو ٹیم کو علاقے سے باہر کر دیا

خواتین نے پولیو ٹیم کو علاقے سے باہر کردیا
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2024 12:07pm

کرک میں گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور احتجاجاً صوبے سمیت ملک بھر میں جاری پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ خواتین نے پولیو ٹیم کو علاقے سے باہر کردیا۔

کرک کے علاقے سیریخواہ میں گیس بندش کے خلاف گیس بلز اور بینرز اٹھائے خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے پولیو ٹیم کو علاقے سے باہر کر دیا۔

برسراحتجاج خواتین کا کہنا تھا کہ ان کی یونین کونسل گیس کی پیداوار کا حامل علاقہ ہے لیکن ان کے لئے گیس پھر بھی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سردیوں کے آمد کے ساتھ ہی علاقے میں گیس غائب ہے: ”ہم گیس بلز وقت پر ادا کرتے ہیں لیکن گیس پھر بھی غائب ہے۔ جب تک گیس نہیں دی جائے گی پولیو مہم کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔“

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے، جبکہ حکومت نے پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی واضح رہے کہ 13 دسمبر کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے پاکستان میں مزید 4 پولیو کیسز کی تصدیق کی جس کے ساتھ رواں برس کے دوران پاکستان میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 63 ہو گئی ہے۔

2024 کے دوران بلوچستان سے 26 ، خیبر پختونخوا سے 18، سندھ سے 17، پنجاب اور اسلام آباد سے 1، 1 پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔

KPK

Gas shortage

polio campaign

KARK CITY