Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ پبلک سروس کمیشن نے مشترکہ مسابقتی امتحان سے متعلق خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا

بعض چینل سوچی سمجھی سازش کے تحت جھوٹی خبریں چلا رہے ہیں، ترجمان ایس پی ایس سی
شائع 19 دسمبر 2024 10:51am

سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) نے مشترکہ مسابقتی امتحان سے متعلق خبروں سے متعلق خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا۔

ترجمان ایس پی ایس سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بعض چینل سوچی سمجھی سازش کے تحت جھوٹی خبریں چلا رہے ہیں، ایسی خبروں کا مقصد سی سی ای نتائج کو متنازع بنانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سی سی ای 2021 امتحان میں بعض امیدواروں نے 1000 میں سے 600 نمبر حاصل کیے، ایسے امیدواروں کی انٹرویو میں کارکردگی اچھی نہیں رہی، ان امیدواروں کا ریکارڈ موجود ہے۔

ترجمان سندھ پبلک سروس کمیشن نے کہا کہ تمام مارکس اور محدودود ترجیحات کے پیش نظر ان امیدواروں کو کوئی ملازمت نہیں دی گئی، سروس آپشن میں بھی ان امیدواروں نے صرف پی ایم ایس یا ڈی ایس پی رکھا تھا، اگر ان امیدواروں نے پی ایم ایس اور ڈی ایس پی کے علاوہ مختیار کار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیبر)، اسسٹنٹ رجسٹرار اور کوآپریٹو سوسائٹی کے آپشن دیے ہوتے تو شاید ایلوکیشن ہوجاتی۔

ترجمان نے کہا کہ معزز عدالت عالیہ کے حکم کی روشنی میں انٹرویوز کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگز محفوظ کرلی گئی ہیں، یہ ریکارڈنگز فیل ہونے والے امیدواروں کی کارکردگی کے ٹھوس شواہد کی حیثیت رکھتے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ انٹرویو کمیٹی کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔

سندھ پبلک سروس کمیشن کا کہنا ہے کہ بے بنیاد معلومات کی بنیاد پر آئینی ادارے کو بدنام کرنا تشویشناک ہے، کمیشن انتظامیہ ایسے مذموم عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

Sindh Public Service Commission Exam