Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

انسانی اسمگلنگ سنجیدہ چیلنج ہے، سخت فیصلے لیں گے، شہباز شریف

وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس: ہاؤسنگ سیکٹر کے فروغ کیلئے خصوصی ٹاسک فورس کی تشکیل سمیت کئی ترمیمی بل منظور
شائع 17 دسمبر 2024 11:19pm

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے یونان میں کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی مجموعی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد کم از کم پانچ تارکین وطن ڈوب گئے، کوسٹ گارڈ کے مطابق متعدد افراد لاپتا ہیں۔

علاوہ ازیں دفتر خارجہ نے تصدیق کی کہ یونان کے ساحل پر تارکین وطن کے بحری جہاز کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں چار پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، اہم فیصلوں کا امکان

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونان میں ڈوبنے والی ایک کشتی پر غیر قانونی تارکین وطن سوار تھے اور افسوسناک طور پر اس میں 5 پاکستانی ڈوب گئے جب کہ 40 سے زائد کو بچا لیا گیا۔

کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل منظور

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل منظور کر لیا. اس ترمیمی بل کو منظوری کے لیے پارلیمنٹ بھیجا جائے گا-

کریمنل پروسیجر ترمیمی بل میں ان ترامیم کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کے نظام کو آسان اور سہل بنایا گیا ہے۔ ملزم سے تفتیش کے لئے پولیس افسر جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آلات اور فورینسک طریقہء کار کا استعمال کر سکے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم منظوریاں ہوں گی، جج پالیسی بھی شامل

ان ترامیم کے تحت گواہان کے آڈیو، وڈیو بیانات ریکارڈ کروائے جا سکیں گے۔ مزید برآں ترمیمی بل میں تفتیش کے دوران پراسیکیوٹر کے کردار کو مضبوط کرنے کے حوالے سے شقیں شامل کی گئی ہیں۔ پراسیکیوٹر، پولیس رپورٹ میں کسی بھی کمی و نقص کی نشاندہی کر سکے گا۔

ان ترامیم کے تحت خواتین، بارہ سال سے کم اور 70 سال سے زائد مرد ، جسمانی اور ذہنی معذوری کا شکار افراد اپنی سہولت کی جگہ پر بیان ریکارڈ کروا سکیں گے۔

ان ترامیم کے تحت ٹرائیل کورٹ مقدمے کا فیصلہ ایک سال کے اندر کرے گا اور تاخیر کی صورت میں متعلقہ ہائی کورٹ سے جوابدہی ہو گی۔

نئی ترامیم کے مطابق پولیس تفتیش میں بے گناہی اور ڈسچارج رپورٹ کی تیاری کی صورت میں ملزم ضمانت کا حقدار ہو گا۔

وفاقی وزارتوں ڈویژنز میں ای-آفس کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے وفاقی وزارتوں ڈویژنز میں ای-آفس کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے 18 ڈویژنز میں ای۔آفس کا 100 فیصد نفاذ کیا جا چکا ہے۔

نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیو میٹرک پالیسی فریم ورک 2024 کی منظور

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیو میٹرک پالیسی فریم ورک 2024 کی منظوری دے دی-

وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر انٹلیکچول پراپرٹی ٹریبیونل ، کوئٹہ کے قیام اور 20 دسمبر 2018 کی ثالثی کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے کنونشن برائے بین الاقوامی تصفیہ جات کے معاہدوں پر دستخط کی بھی منظوری دے دی-

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق

وفاقی کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ایچ آر منیجر ارباب انس کی ملازمت سے برخاستگی کے خلاف دائر کی گئی اپیل مسترد کر دی.

ایکسپلوسوز رولز 2010 کے فارم ای ایل 01 میں ترامیم کی منظوری

وفاقی کابینہ نے وزارت پیٹرولیم کی سفارش پر بھاری کثافت والے دھماکہ خیز مواد کی تیاری کے لائسنز کے حوالے سے ایکسپلوسوز رولز 2010 کے فارم ای ایل 01 میں ترامیم کی منظوری دے دی-

نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف کی شق شامل کرنے کی منظوری

کابینہ کی ہزارہ کے اضلاع کی پشاور الیکٹرک کمپنی سے ہزارہ الیکٹرک پاور کمپنی منتقلی اور اسلام آباد کی حدود میں نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف کی شق شامل کرنے کی منظوری دی.

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قومی ملکیتی ادارہ جات کے 4 دسمبر 2024 کے فیصلوں اورکمیٹی برائےانٹر گورنمنٹ ٹرانزیکشنز کے 20 اور 21 نومبر 2024 کےفیصلوں کی توثیق کردی

cabinet meeting