Aaj News

منگل, دسمبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت نے پی ٹی آئی کی مذاکرات کی پیشکش کو ’ٹھنڈی ہوا کا جھونکا‘ قرار دے دیا

کل بھی تصدیق کی تھی باضابطہ مذاکرات کی شروعات نہیں کی گئی، خواجہ آصف
اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2024 03:14pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیرد فاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت نے خوشگوار باتیں کی ہیں، پہلی بار پی ٹی آئی کی جانب سے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آیا ہے۔

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار میں امن اومان کی صورتحال مخدوش ہے، دونوں سائیڈز سے افہام و تفہیم کی باتیں ہونی چاہئیں، مجھے بتایا گیا کہ کرم میں زمین کا جھگڑا ہے جو شیعہ سنی فساد میں تبدیل ہوگیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آئین کہتا ہے یہ صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے، پارا چنار میں پوری طرح آگ نہیں بجھی، ہم نے حلف لیا ہے پہلی ذمہ داری آئین کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر ضرور حملہ کریں لیکن صوبے کے حالات پر بھی غور کریں، شیر افضل نے بالکل ٹھیک کہا میری زبان بھی آگ اگلتی ہے، لیکن چیزیں محبت اور پیار سے بڑھتی ہیں دھمکیوں سے نہیں۔

سول نافرمانی تحریک کیلئے عمران خان کے حکم کا انتظار ہے، علی امین گنڈا پور

خواجہ آصف نے کہا کہ 2018 سے اب تک اس ہاؤس نے بہت تلخی دیکھی، کل بھی تصدیق کی تھی باضابطہ مذاکرات کی شروعات نہیں کی گئی، پہلی بار ادھر سے خوشگوار ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آیا ہے۔لیکن سیاسی ذمہ داری آئینی ذمہ داری کے بعد آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس والوں کو کس نے شہید کیا اس کی بھی مذمت ہونی چاہیے۔

مذاکرات کی بات کرنا معمولی بات نہیں، رانا ثناء اللہ

ن لیگی رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے اسمبلی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو مٹھاس کی صورت میں میٹھا جواب دیا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسمبلی میں کہا ہر ایشو پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم اسمبلی میں اپوزیشن کی سیٹ پر گئے اور ہاتھ ملایا۔

بیرسٹر علی ظفر کی حکومت سے بات چیت کیلئے شرائط کی تصدیق

ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کی جانب سے مذاکرات کی بات کرنا معمولی بات نہیں ہے، عمر ایوب نے جن الفاظ میں جواب دیا شیر افضل کو معلوم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو جو بھی جاں بحق ہوا وہ افسوس ناک ہے۔

شیر افضل مروت نے بڑی اچھی شروعات کی، عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے کی بات کرنے کا حوصلہ رکھنا چاہئے، ہم نے آپس کی رواداری پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا، کبھی کسی سے نہیں کہا کہ یہ دشمن ہے، اس کی خوشی غمی میں شریک نہیں ہونا، ہم پرتشدد سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں جب بانی چیئرمین پی ٹی آئی کنٹینر سے گرے تو ہم نے اپنی انتخابی مہم روک دی، ہماری سینئر قیادت شوکت خانم ہسپتال ان کی تیمار داری کیلئے گئی،ہم نے خیرسگالی کا پیغام دیا، مخالف سے مخالفت کرنے کا مزہ تب آتا ہے جب وہ میدان میں ہو، ہماری دانشمندی اور کاوش کو کمزوری سمجھا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کبھی اپنے سیاسی ورکر کو نہیں اکسایا، پارلیمنٹ رواداری، برداشت اور تحمل کا پیغام بھی دیتی ہے، ہم نے کبھی سیاسی مخالفین کو دشمن نہیں سمجھا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ شیر افضل مروت نے بڑی اچھی شروعات کی، ہم تشدد اور انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم نے کبھی سیاسی ورکر کو پتھر مارنے کا نہیں کہا۔

Khawaja Asif

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Sher Afzal Marwat