Aaj News

پیر, دسمبر 16, 2024  
14 Jumada Al-Akhirah 1446  

بالی ووڈ کی مشہور فلمیں جنہیں کبھی ریلیز نہیں ہونے دیا گیا

ان ادھوری فلموں کی وجہ سے فلم سازوں اور کاسٹ کوبھاری نقصان اٹھانا پڑا
شائع 16 دسمبر 2024 10:26am

بالی وڈ کا شمار دنیا کی بڑی فلم انڈسٹریز میں ہوتا ہے جہاں ہر سال سیکڑوں موویز ریلیز کی جاتی ہیں لیکن کئی بار ایسا بھی ہوا ہے کہ فلم تیاری کے مراحل سے گزرنے سے پہلے ہی ایک تصوراتی خیال بن کر رہ جاتی ہے یا شروع ہونے کے باوجود آخری مراحل تک پہنچنے سے پہلے ہی قصہ پارینہ بن جاتی ہے۔

اگر بات کی جائے بالی وڈ فلموں کی تو ایسی بہت سی فلمیں ہیں جن کی شوٹنگ بھی شروع ہوئی لیکن کسی قانونی مسئلے، اداکار یا ہدایتکار کی موت کے باعث ادھوری رہ گئی، ان ادھوری فلموں کی وجہ سے کاسٹ اور اس پر سرمایہ کاری کرنے والوں کوبھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

پولیس نے کہاں سے پکڑا؟ تامل فلم اسٹار نے سب بتا دیا

ذیل میں ایسی چند فلموں کا ذکر کیا جارہاہے جن کی شوٹنگ یا تو شروع نہیں ہوئی یا پھر شوٹنگ شروع ہونے کے بعد سرد خانے کی نذر ہوگئی۔

دوستانہ 2:

2008 میں اس فلم کا پہلا حصہ ریلیز ہوا تھا۔ یہ فلم اپنے موضوع کے لحاظ سے نہایت منفرد فلم تھی، جس میں بالی وڈ میں پہلی بار ہم جنس پرستی کے موضوع کو بیان کیا گیا تھا۔

ممبئی : خطروں کے کھلاڑی فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی

کچھ سالوں بعد ہدایتکار کرن جوہرکو اس کا سیکوئل بنانےکا سوجھا، فلم میں کارتک آریان، جھانوی کپور لیڈ کرداروں میں تھے، فلم کی شوٹنگ بھی شروع ہوگئی تھی مگر 35 دن کی جاری شوٹنگ کے بعد یہ فلم آج تک مکمل نہ ہوسکی۔

کہا جاتا ہے کہ فلم کی تکمیل نہ ہونے کی وجوہات میں اس پروجیکٹ کے کچھ اندرونی مسائل شامل تھے، جس میں کرن جوہر اور کارتک کے درمیان کچھ اختلافات بھی تھے۔

تخت

”تخت“ کا شمار بھی کرن جوہر کی ایسی ہی موویز میں ہوتا ہے جو بڑی کاسٹ ہونے کے باوجود شروع نہیں ہوسکی، ”تخت“ نامی اس مووی میں رنویر سنگھ اور کرینہ کپور شامل تھے۔

کرن جوہر کا اس فلم سے متعلق کہنا تھا کہ انہوں نے اس فلم کے لیے ڈھائی سال تک محنت کی لیکن جب فلم بنانے کا موقع آیا تو کورونا پھیل گیا جس سے شوٹنگ شروع بھی نہ ہوسکی، ان کا کہنا تھاکہ ابھی تک ان کے پاس فلم کی شوٹنگ کی کوئی اپڈیٹ نہیں ہے۔

پانی

شیکھر کپور کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی لیڈ کاسٹ میں سوشانت سنگھ راجپوت شامل تھے۔

فلم پانی کی قلت سے متعلق مسائل پر مبنی تھی، اس فلم کی شوٹنگ شروع ہی ہونے والی تھی کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے ذریعے موت کی خبر آگئی اور پھر یہ فلم مکمل نہ ہوسکی۔

منا بھائی چلے امریکا

منابھائی سیریز کی یہ تیسری فلم تھی جس کے بنائے جانے کے بارے میں بہت برسوں سے سننے میں آرہا ہے لیکن تاحال اس کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اس کے بارے میں ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی یہ فلم بھی اپنی پہلی دوفلموں کی طرح کامیاب ہو لیکن انہیں ابھی تک اس فلم کے لیے معیاری اسکرپٹ نہیں مل پایا ہے، جیسے ہی یہ اسکرپٹ ملے گا وہ فلم پر کام شروع کردیں گے۔

چندا ماما دور کے

اس سائنس فکشن فلم میں خلا میں سفر کو موضوع بنایا گیا ہے۔ سوشانت سنگھ راجپوت اس فلم میں لیڈ کردار میں تھے لیکن ان کی اچانک موت کے باعث فلم کی شوٹنگ شروع نہ ہوسکی۔

Bollywood

entertainment

lifestyle