Aaj News

ہفتہ, دسمبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Akhirah 1446  

آئی سی سی نے پاکستان کو پھر لالی پاپ دیا، سابق کرکٹر

فیصلہ آنے سے پہلے معلوم ہوگیا تھا کہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا، سابق کرکٹر
شائع 14 دسمبر 2024 03:36pm

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل انعقاد پر پاکستان کے سابق کرکٹر نے بیان جاری کیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 2025 کے لئے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دی۔ پاکستان و بھارتی کرکٹ بورڈز نے چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لئے ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، بھارت کے سیمی فائنل اور فائنل تک رسائی کی صورت میں میچ دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

وہیں سابق کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر لالی پاپ دیا ہے تاکہ براڈکاسٹرز کو نقصان سے بچایا جاسکے۔

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا

یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ ’فیصلہ آنے سے پہلے معلوم ہوگیا تھا کہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اسی لیے شرط مانی ہے کہ یہ ماڈل 2026 میں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹ (ٹی 20 ورلڈ کپ) کیلئے نافذ العمل ہوگا۔

باسط علی کا کہنا تھا کہ بتایا جارہا ہے کہ ’2027 یا 2028 میں ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق پاکستان کو مل جائیں گا جس پر ہر کوئی کہے گا کہ واہ پاکستان میں ایک نہیں بلکہ دو آئی سی سی ایونٹس، لیکن ایسا اس لیے کیا جارہا ہے کہ 2026 ویمنز ورلڈکپ کیلئے پاکستانی ٹیم بھارت جائے، یہ فیصلہ محض براڈ کاسٹرز کے پیسے کو بچانے کیلئے کیا جارہا ہے ورنہ اس سے بھی دوگنا نقصان ہوتا۔

چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول پر آئی سی سی نے بھی چُپ سادھ لی

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی پاکستان کو ایک لالی پاپ دے رہا ہے کہ اگر آپ اتفاق کرتے ہیں اور تحریری طور پر کچھ نہیں مانگتے تو ہم آپ کو ایک اور آئی سی سی ایونٹ دیں گے، جسکے ہونے نہ ہونے سے کوئی فائدہ ہوگا نہیں۔

سابق کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ برس پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی کا مطالبہ کرنا چاہیے تھا، ویمنز ورلڈکپ یا انڈر 19 ورلڈکپ کی میزبانی سے پی سی بی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ اگر پی سی بی اس لالی پاپ کو قبول کرتا ہے تو یہ ان کی ہار ہوگی۔

BCCI

jay shah

chairman pcb

mohsin naqvi

INTERNATIONAL CRICKET COUNCIL (ICC)

Icc Champions Trophy 2025