محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، بالائی، وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر کُہرا پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، صبح کے اوقات میں چند میدانی علاقوں میں کہرا پڑنے کی توقع ہے۔
ملک میں بارش اور شدید برفباری سے سردی میں اضافہ، شاہراہ قراقرم بند
رواں ہفتے کراچی میں کتنی سردی پڑے گی؟
اسی طرح سندھ اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
قلات میں کم از کم درجہ حرارت منفی 7، زیارت میں 6، کوئٹہ میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ نوکنڈی میں درجہ حرارت ایک، سبی میں 5، گوادر میں 9، جیوانی میں 12 اور تربت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
شہر کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں کا راج
کراچی میں سردی اپنے رنگ جمانے لگی ہے وہیں اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا مطلع صاف موسم سرد اور خشک ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 12.4 ڈگری سنیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا
محکمہ موسمیات نے کہا کہ جناح ٹرمینل پر درجہ حرارت 10.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا، گلستان جوہر اور شاہراہ فیصل پر رات میں کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، ماڑی پور 13، بن قاسم میں 13.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شمال مشرقی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصد ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مزید برآں کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔