’پشپا ٹو‘ ریلیز کے صرف چھ دنوں میں ایک ہزار کروڑ کمانے والی پہلی انڈین فلم
رواں ماہ ریلیز ہونے والی تیلگو ڈرامہ گینگسٹر فلم ”پشپا ٹو دی رول“ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ہزار کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ”پشپا ٹو“ نے اپنی ریلیز کے صرف چھ دنوں میں یہ بڑی رقم کما کر انڈین فلم انڈسٹری کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ فلم ٹریڈ تجزیہ کار مانوبالا وجیابالن نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ ”پشپا ٹو“ عالمی سطح پر بہت بڑا سنگ میل عبور کرنے والی تیزترین انڈین فلم ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ”پشپا ٹو“ 2021 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ”پشپا دی رائز“ کا سیکوئل ہے۔ اس کی مرکزی کاسٹ میں الو ارجن، فہد فاصل، رشمیکا مندنا، اور سری تیج شامل ہیں، جبکہ اس کی ہدایتکاری سوکمار نے کی ہے۔
”پشپا ٹو دی رول“ کے علاوہ اب تک سات انڈین فلمیں 1000 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ یاد رہے کہ سنہ 2016 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ”دنگل“ نے بھی باکس آفس پر بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے 1000 کروڑ روپے کما کر ایک اہم سنگ میل عبور کیا تھا۔