امارات کا ’گولڈن پیکج‘ فلائنگ کاروں کی رجسٹریشن کی راہ ہموار
متحدہ عرب امارات نے اڑنے والی کاریں متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ گولڈن پیکیج کے تحت اب فلائنگ کاروں کی رجسٹریشن کی راہ بھی ہموار ہوچکی ہے۔ ہائبرڈ ماڈلز کی کاروں کے لیے ہیلی پیڈز عارضی طور پر لینڈنگ سائٹس کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ مزید اداروں نے فلائنگ ٹیکسی چلانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ بات چیت جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں سے اب تک باضابطہ، رسمی معاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔ گفت و شنید کے ذریعے تمام معاملات طے کرنے کے بعد معاہدے ہوسکیں گے۔ پروڈکٹس کی سرٹیفکیشن کا معاملہ بھی طے نہیں ہوسکا ہے۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی میں ایوی ایشن سیفٹی افیئرز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل عقیل الزرونی کہتے ہیں کہ چند کمپنیاں پائپ لائن میں ہیں تاہم اُن سے معاملات اس حد تک طے نہیں ہوئے کہ کوئی اعلان کیا جائے۔
ابوظبی اور دبئی نے فلائنگ کاریں بنانے والے اداروں آرچر اور جوبی سے معاہدے کیے ہیں جن کے تحت آئندہ سال کے شروع میں ایئر ٹیکسی سروس شروع کی جاسکتی ہے۔ متحدہ عرب امارات فلائنگ ٹیکسی متعارف کرانے والے پہلے ممالک میں سے ہوگا۔
آرچر اور جوبی کی طرف سے جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کو رجسٹریشن کے لیے درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ یہ دونوں ادارے 2026 کے اوائل میں ابوظبی اور دبئی میں فلائنگ ٹیکسی متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہیں۔
اڑنے والی کاریں (eVTOL) چونکہ نئی ٹیکنالوجی کے تحت بنائی جائیں گی اس لیے یہ مینوفیکچررز، ریگیولیٹرز اور آپریٹرز کے لیے بڑا چیلنج ہیں۔
عقیل الزرونی کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ ایوی ایشن بزند سیکٹر کے لیے گولڈن پیکیج کا اعلان کیا جارہا ہے۔ فلائنگ کاروں کو کور کرنے کے قواعد و ضوابط میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت ہو رہی ہے تاکہ تمام امور طے کیے جاسکیں۔
دبئی نے حال ہی میں ایئر ٹیکس آپریشنز کے لیے ورٹی پورٹس (لینڈنگ سائٹس) بنانے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر چار ورٹی پورٹس تعمیر کی جائیں گی۔