زائرین کیلئے عمرہ سے قبل بھیک نہ مانگنے کا حلف نامہ جمع کرانا ہوگا؟
کچھ دن قبل یہ خبر آئی تھی کہ حکومت نے عمرے کے لیے جانے والوں سے یہ حلف نامہ لینے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ وہاں بھیک نہیں مانگیں گے۔ اس خبر کی حقیقت اب کھل کر سامنے آئی ہے۔ حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔ عمرے پر جانے والے کسی بھی فرد نے بھیک نہ مانگنے کا حلف نامہ نہیں لیا جارہا اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے اب تک ایسا کوئی ضابطہ نافذ نہیں کیا کہ عمرے پر جانے والوں سے بھیک نہ مانگنے کا حلف نامہ لیا جائے۔ البتہ ایئر پورٹ پر تعینات حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے لوگوں پر نظر رکھیں جن کے بارے میں یہ گمان شبہ ہو کہ وہ سعودی عرب پہنچ کر بھیک مانگ سکتے ہیں۔
کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر بھیک نہ مانگنے کے حلف نامے سے متعلق خبروں پر بھرمار رہی ہے۔ 20 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک یوزر نے لکھا کہ پاکستان سے عمرے پر جانے والے سعودی عرب کے لیے بورڈنگ سے پہلے یہ تحریری حلف نامہ دیں کہ وہ وہاں پہنچ کر بھیک نہیں مانگیں گے۔
اس پوسٹ کو اب تک کم و بیش 9 لاکھ بار پڑھا جاچکا ہے۔ اِسے 2300 بار ری پوسٹ کیا گیا۔ اِس پوسٹ کو پسند کرنے والوں کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے۔ 21 نومبر کو انسٹا گرام پر بھی ایسی ہی پوسٹ اپ لوڈ کی گئی۔
حقیقت یہ ہے کہ حکومت کی طرف سے ایسا کوئی بھی حلف نامہ لازم قرار نہیں دیا گیا۔ وفاقی وزیرِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین کہتے ہیں کہ حلف نامے کی بات بالکل بے بنیاد ہے۔ یہ مکمل جھوٹ ہے۔
چودھری سالک حسین کا کہنا ہے کہ وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، وزارتِ اوورسیز پاکستانیز و افرادی قوت یا وزارتِ داخلہ کی طرف سے ایسی کوئی ہدایت یا حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے کے دفتر کے ایک افسر نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایسا کوئی حلف نامہ مطلوب نہیں۔ خصوصی احتیاط اس لیے برتی جارہی ہے کہ کوئی عمرے کے لیے سعودی عرب پہنچ کر بھیک نہ مانگے۔ حکومت نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ ایسے لوگوں پر خاص نظر رکھی جائے جن کے بارے میں شبہ ہو کہ سعودی عرب پہنچ کر بھیک مانگیں گے۔
Comments are closed on this story.