Aaj News

جمعرات, دسمبر 12, 2024  
09 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں ٹھنڈ کا راج، کراچی میں پارہ 12 ڈگری تک جا پہنچا

سردی کی موجودہ لہر کب تک برقرار رہے گی؟
شائع 12 دسمبر 2024 07:52am

کراچی سمیت ملک بھر میں سردی نے ڈیرے جما لیے ہیں، استور سمیت بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی لہہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی دس ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح گوپس میں منفی سات، اسکردو، استور، کالام اور قلات میں پارہ منفی چھ تک گرگیا۔

کراچی میں رات اور صبح کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، صبح سویرے درجہ حرارت بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہریوں نے طویل انتظار کے بعد گرم کپڑے نکال لیے ہیں۔

ملک میں سردی کے ڈیرے، پہاڑوں پر برفباری، غذر میں جھیلیں اور آبشاریں جم گئیں

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج شدید سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں ہلکی بارش و برفباری ہوگی اور جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے سردی کی موجودہ لہر پندرہ دسمبر تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

پاکستان کے آلودہ شہروں میں راولپنڈی کا آج پہلا نمبر جہاں صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈیکس دو سو ستائیس ریکارڈ کیا گیا۔

Winter

karachi weather

snow fall