Aaj News

جمعرات, دسمبر 12, 2024  
09 Jumada Al-Akhirah 1446  

رواں ہفتے کراچی میں کتنی سردی پڑے گی؟

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں سردی میں اضافے کی نوید سنا دی
شائع 11 دسمبر 2024 01:17pm

محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی میں اضافے کی نوید سنا دی، رواں ہفتے رات میں شہر قائد کا درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت جنوبی سندھ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر قائد میں 13 دسمبر بروز جمعے سے وقفے وقفے سے تیز سرد ہوائیں چلیں گی، جس کے بعد درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے جبکہ دسمبر کے آخر تک درجہ حرارت 10 تا 12 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

کراچی کا آج کم سے کم درجہ حرارت 11.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم مضافاتی علاقے جناح ٹرمینل پر کم سے کم درجہ حرارت 9.1 اور مسرور بیس پر 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک جبکہ مطلع صاف رہے گا، اس دوران ہلکی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 10 جبکہ زیادہ سے زیادہ 28 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔

ملک میں سردی کے ڈیرے، پہاڑوں پر برفباری، غذر میں جھیلیں اور آبشاریں جم گئیں

کراچی میں سردی زور پکڑنے لگی، درجہ حرارت مزید گرگیا

دوسری جانب موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سندھ میں رواں ہفتے سردی کی لہر برقراررہے گی اور ضلع تھرپارکر میں سخت سردی پڑ نے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رات میں جنوب مشرقی سندھ میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری، بالائی سندھ میں 6 اور وسطی سندھ میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

Cold Weather

Winter

karachi

karachi weather

Met Office

karachi cold weather