Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شنگھائی کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے تیار ہیں، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب سے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری کی ملاقات
شائع 11 دسمبر 2024 10:32am

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب شنگھائی کے حکام کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے، چین کی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف شنگھائی پہنچ گئیں اور شنگھائی میں سیاسی مصروفیت کا آغاز کر دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری سے ملاقات کی، مسٹر زؤ زونگ منگ نے مریم نواز کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

ڈپٹی سیکرٹری مسٹر زؤ زونگ منگ نے پنجاب اور شنگھائی کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مستحق کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، سائنس، ٹیکنالوجی، انڈسٹری اور انڈسٹری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اکنامک اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستانی طلبہ اور ماہرین کو ٹریننگ اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شنگھائی بیسڈ کمپنیوں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر شنگھائی کا فنانشل اور ٹریڈ ہب کے طور پر ابھرنا قابل تحسین امر ہے، آٹو موبائل، آئی ٹی، سیمی کنڈکٹر اور روبوٹک سمیت دیگرشعبوں میں شنگھائی کی کمپنیوں سے اشتراک کار چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے ماہرین کی کیپسٹی بلڈنگ سے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے فروغ پارہی ہے، پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر مایہ ناز صدر زی جن پنگ کے ویژن کے مطابق ترقی کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب شنگھائی حکام کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے، پاکستان اور چین نواز شریف اور شہبازشریف کے دور حکومت میں مزید قریب آئے، اہل چین سے انس میرے خون میں شامل ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کاریڈور جیسے گیم چینجر پراجیکٹ کا آغاز نواز شریف اور شہباز شریف کے دور حکومت میں ہی ممکن ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کئی سال کے سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے بعد پاکستان کی معیشت اور معاشی اعشاریے بڑھوتری کی طرف گامزن ہیں، چین کی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی۔

اس موقع پر کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر زؤ زونگ منگ نے کہا ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور عوامی رابطے، باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

china

cm punjab

Maryam Nawaz

Shanghai

Maryam Nawaz Sharif

CM Punjab Maryam Nawaz