وزیرِخارجہ اسحاق ڈار سے افغان ناظم الامور کی ملاقات
افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب نے پیر کو دفترِ خارجہ میں وزیرِخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا اور تعلقات مزید مستحکم کرنے پر مشاورت ہوئی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطح پر بروقت اور جامع رابطے برقرار رکھے جائیں گے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں یہ ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل تھی۔ اسلام آباد سے آج نیوز کے نمائندے کے مطابق سیاسی و سفارتی حلقے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر فوری رابطے کی ضرورت محسوس کر رہے تھے۔
دونوں ملکوں کے قائدین اس بات کے لیے کوشاں ہیں کہ تعلقات خراب کرنے والے معاملات کو کنٹرول کیا جائے اور ایسے عناصر کی بیخ کُنی پر توجہ دی جائے جن کی سرگرمیوں سے دوطرفہ کشیدگی کی راہ ہموار ہو رہی ہے یا اُسے ہوا مل رہی ہے۔
Comments are closed on this story.