Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

تحریک انصاف بیلجیئم کا اسلام آباد احتجاج پر تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جاں بحق ہونے والوں کی تصاویر کے ساتھ شمعیں بھی روشن کی گئیں
شائع 09 دسمبر 2024 05:17pm

پاکستان تحریک انصاف بیلجیئم کی جانب سے 26 نومبر کو اسلام آباد کے پرتشدد واقعات کے خلاف برسلز میں یورپین پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، رہنمائوں و کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے میں خواتین وبچے بھی شامل تھے ، مظاہرین نے پاکستان اور پی ٹی آئی کے جھنڈے، عمران خان کی تصاویر، پی ٹی آئی کی حمایت میں بینرز اور پوسٹرز اُٹھا رکھے تھے، مظاہرین پاکستان اور بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔

اس موقع پر مظاہرین نے اسلام آباد واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تصاویر کے ساتھ شمعیں بھی روشن کی گئیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے پاکستانی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے قابض اور ناجائز حکومت قرار دیا۔

مقررین میں موجود خواتین ارکان نے پی ٹی آئی کی بھر پور حمایت کرنے پر کے پی کے حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو اسلام آباد آنے والے لوگ احتجاج کا جمہوری حق کا استعمال کر رہے تھے، ان پر مظالم کی انتہا کر دی گئی، موجودہ حکمرانوں کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو دوسری اقوام کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔

مظاہرے سے غلام ربانی بابو، چوہدری ظفر، سلیم میمن، مہر عبدالمالک، روبینہ خان، فرزانہ کوثر، شیخ الیاس، راجہ طارق، راجہ سہیل، میاں شعیب، اظہر شاہ، بلال خان و دیگر نے خطاب کیا۔

آخر میں اسلام آباد واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

world

Belgium

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)