چیف جسٹس پاکستان کا دور دراز اضلاع کے دوروں کا فیصلہ
چیف جسٹس پاکستان انصاف کی جلد فراہمی کے مشن پر نکل پڑے، گوادر میں اہم اجلاس میں بلوچستان کیلئے ذیلی کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ضلعی عدلیہ کو بہتر بنانے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے چیف جسٹس نے ذاتی دوروں کا فیصلہ کیا، چیف جسٹس پاکستان موقع پر پہنچ کر مسائل کا تدارک کریں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان نے آج گوادر کا دورہ کیا، اس دوران تربت، پنجگور اور چاغی سمیت دیگر اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز نے چیف جسٹس سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں چیف جسٹس پاکستان نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالتی افسران کے وقار کو مقدم رکھنے کا عزم کیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پورے ملک کی عدلیہ کا وقار مجروح نہیں ہونے دیں گے، دور دراز علاقوں کی عدلیہ خصوصی توجہ کی متقاضی ہے۔
چیف جسٹس نے متعلقہ ہائیکورٹس کو دور دراز ضلعی عدلیہ پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت بھی کی، اور دور دراز علاقوں میں کام کرنے والے عدالتی افسران کی خدمات کو سراہا۔
Comments are closed on this story.