صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 10 دسمبر کو طلب کرلیا
صدر مملکت آصف زرداری نے وزیراعظم شہبازشریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی کا اجلاس 10 دسمبر کو طلب کرلیا، دینی مدارس سے متعلق قانون سازی کا معاملہ بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 10 دسمبر کو طلب کرلیا گیا ہے، صدرآصف زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے طلب کیا ہے، اجلاس میں معمول کا ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ دینی مدارس سے متعلق قانون سازی کا معاملہ بھی زیر غور انے کا امکان ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس طلبی کا نوٹیفکیشن جاری
دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاس طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق 16 ویں قومی اسمبلی کا 11 واں اجلاس 10 دسمبر کو ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
خیال رہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو مدارس رجسٹریشن سے متعلق معاہدے پر دستخط کے لیے 8 دسمبر تک کا وقت دیا ہے۔
دینی مدارس کی رجسٹریشن کا بل منظور کرنے کیلئے ڈیڈ لائن کا آج آخری دن
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مدارس سے متعلق اعتراضات پر کسی طور غور نہیں کریں گے، 26 ویں ترمیم کے مسودے میں اس پر اعتراضات نہیں اُٹھائے گئے تو اب اعتراض کرنا بدنیتی ہے۔
مدارس رجسٹریشن پر علامہ طاہر اشرفی مولانا فضل الرحمان کے سامنے آگئے
سربراہ جے یو آئی نے کہا تھا کہ میں قدیم اور جدید تعلیم کہنے کے خلاف ہوں، علم، علم ہے، تمام دینی مدارس کو دباؤ میں رکھا گیا ہے، ہم حکومت کے نظام میں رہنا چاہتے ہیں اور ہم ریاست سے تصادم نہیں چاہتے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن چاہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مدارس کی رجسٹریشن کرو، بینک اکاؤنٹ کھولو مگر آپ اکاؤنٹس بند کرتے ہیں، کہتے ہیں ہم تو دینی مدارس کو مین اسٹریم میں لارہے ہیں، آپ نے ہمارے خلاف اعلان جنگ کیا ہم نے نہیں کیا۔
مولانا فضل الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت سے طویل مشاورت کے بعد مدارس رجسٹریشن پر اتفاق ہوا تھا، 26 ویں ترمیم پر بل پیش کیا گیا، وہ بل ایکٹ بن گیا، اب بھی پی پی پی اور شہباز شریف سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے مگر ہم مزید مدارس کو سرکار کے حوالے نہیں کریں گے، آپ سمجھتے ہیں ہم تھک جائیں گے لیکن ہم ڈٹے ہوئے ہیں۔
Comments are closed on this story.