Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
06 Rajab 1446  

نیپرا نے بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں 20 پیسے اضافے کی منظوری دیدی

اضافے کا اطلاق ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا
شائع 05 دسمبر 2024 05:59pm

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کے فی یونٹ میں 20 پیسے اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق صرف دسمبر کے بلوں پر ہوگا۔

نیپرا کے مطابق ڈسکوز نے نیپرا کوسہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی درخواست دی تھی، اتھارٹی نے مالی سال 25-2024 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر20 نومبر کو عوامی سماعت کی تھی، اس سے قبل مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے ایوریج 1 روپے 74 پیسے فی یونٹ چارج کیا جا رہا ہے جو کہ نومبر 2024 تک لاگو تھا۔

نیپرا نے مزید کہا کہ پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی یڈجسٹمنٹ کی نسبت 1 روپے 54 پیسے فی یونٹ صارفین سے کم چارج کیا جائے گا۔

نیپرا کے مطابق ڈسکوز کی درخواست پر مالی سال 25-2024 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 20 پیسے اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کا اطلاق صرف دسمبر 2024 کے بلوں پر ہو گا۔

نیپرا کے مطابق اضافے کا اطلاق ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نوٹیفکیشن سے پہلے وفاقی حکومت کو مطلع کر دیا گیا ہے۔

nepra