ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان
ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی ) نے پاکستان کو 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا، رقم پاکستان کو ترقیاتی قرضے کی مد میں فراہم کی جائے گی، رقم ایوی ایشن فیول کے مستحکم ذخائر بنانے کے لیے استعمال ہو گی، شیخوپورہ میں ایوی ایشن فیول کا نجی ذخیرہ قائم کیا جائے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ رقم انفراسٹرکچر قرضے کے سلسلے میں کلائمیٹ سپورٹ کے تحت فراہم کی جائے گی، رقم کے ذریعے ایوی ایشن انڈسٹری میں کاربن کی مقدار کم کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے تین ماہ قبل بھی ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسو گواسا کاوا نے پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔اے ڈی بی کے صدر نے یہ اعلان صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر مل گئے
آئی ایم ایف پیکج کے بعد پاکستان کو دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے بھی فنڈز کی راہ ہموار
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے مساتسو گواسا کاوا کو پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ نے ملک کو بہت زیادہ معاشی نقصان پہنچایا۔
اس موقع پر صدر ایشیائی بینک نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا ہے، ان مسائل سے نمٹنے کیلئے اے ڈی بی اگلے 3 سال میں پاکستان کو 2 ارب ڈالر کی سالانہ امداد فراہم کرے گا۔
علاوہ ازیں پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ گھروں، انفرااسٹرکچر کی تعمیر اور سندھ میں صحت کی بنیادی سہولتوں کی بحالی کیلئے بھی اے ڈی بی نے 40 کروڑ ڈالر کی امداد فراہمی کی منظوری دی تھی۔
Comments are closed on this story.