دنیا کا سب سے مہنگا کرسمس ٹری، قیمت ایک ارب روپے سے بھی زیادہ
ہر سال کرسمس کی آمد پر دنیا بھر میں طرح طرح کے کرسمس ٹری بنائے جاتے ہیں۔ لوگ محض عقیدت کا مظاہرہ نہیں کرتے بلکہ تخلیقی جوہر بھی دکھاتے ہیں، فن کاری کے نمونے پیش کرتے ہیں۔
دنیا کا سب سے مہنگا کرسمس ٹری آپ نے دیکھا ہے؟ تو دیکھ لیجیے۔ یہ کرسمس ٹری 2024 ویانا فلہارمونک طلائی سکوں کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ سب سے بڑا سکہ 20 اونس کا ہے جو تاج کی حیثیت سے بروئے کار لایا گیا ہے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ کرسمس ٹری ایک ارب روپے سے زیادہ مالیت کا ہے۔
پرو آرم کے ترجمان بینجامن سُما کا کہنا ہے کہ یہ شاندار کرسمس ٹری ایک طرف تو مذہبی تہوار کے موقع پر پنپنے والی عقیدت کا مظہر ہے اور دوسری طرف سونے کی قدر و قیمت ظاہر کرنے کے لیے بھی ہے کہ یہ سرمایہ کاری کا محفوظ طریقہ ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں سونے کی قیمت بلند تر ہوتی جارہی ہے۔ معاشی حالات کی خرابی لوگوں کو سونے کی شکل میں اپنا سرمایہ محفوظ رکھنے کی تحریک دے رہی ہے۔ ایسے میں سونے کے سکوں کی مدد سے بنائے جانے والے کرسمس ٹری کی قدر و قیمت بڑھتی ہی رہنی ہے۔
سونے کے جن سکوں سے یہ کرسمس ٹری بنایا گیا ہے وہ فروخت کے لیے حاضر ہیں مگر پھر بھی کرسمس ٹری میں لگنے سے اِن کا حُسن دوبالا ہوگیا ہے۔ اس کرسمس ٹری کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بھیڑ سی لگی رہتی ہے۔ لوگ اس کرسمس ٹری کے ساتھ سیلفی لینے میں گرم جوشی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔