اسٹارلنک کے انٹرنیٹ کا خطرناک استعمال، بھارت میں کھلبلی مچ گئی
بھارت میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب پولیس نے 4 ارب 25 کروڑ ڈالر مالیت کی منشیات کھلے سمندر سے بھارت داخل ہونے والی کشتی میں سے برآمد کی۔ اسمگلرز ایلون مسک کی اسٹارلنک کے انٹرنیٹ کی مدد سے کھلے سمندر سے بھارتی آبی حدود میں داخل ہوئے تھے۔
بھارتی پولیس نے اعلان کیا کہ وہ ایلون مسک کے اسٹار لنک سے اسمگلروں کا سراغ لگانے کے لیے معلومات کی درخواست کریں گے جنہوں نے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے سمندروں میں نیویگیٹ کیا اور پہلی بار بھارتی آبی حدود میں میتھیمفیٹامائن لائے جس کی مالیت 4.25 ارب ڈالر ہے۔
گزشتہ ہفتے میانمار سے مشتبہ غیر قانونی سامان لے جانے والی ایک کشتی سے 6,000 کلوگرام سے زیادہ میتھ برآمد کی۔ آپریشن کے سلسلے میں چھ میانمار کے شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
تحقیقات میں شامل ایک سینئر پولیس افسر ہرگوبندر ایس دھالیوال کے مطابق اس واقعے نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے کیونکہ یہ بھارتی پانیوں میں نیویگیشن کے لیے اسٹار لنک کے سیٹیلائٹ انٹرنیٹ کا پہلا استعمال ہے۔
Starlink کھلے سمندر میں انٹرنیٹ کی فراہمی کا دعویٰ کرتا ہے اور اس کا بھارت میں آغاز کرنے کا منصوبہ ہے، لیکن علاقائی پانیوں میں اس کی سروس کا انحصار حکومتی منظوری پر ہے۔
مبینہ طور پر اسمگلروں نے وائی فائی ہاٹ اسپاٹ بنانے کے لیے اسٹار لنک کا استعمال کیا، جو براہ راست سیٹلائٹ کے ذریعے اپنے آلات چلاتے تھے۔ دھالیوال اسٹار لنک سے تفصیلات حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں ڈیوائس کس نے خریدی اور اس کے استعمال کی تاریخ۔
اسٹار لنک نے معاملے پر چپ سادھ لی ہے اور سوال پر مبنی کسی بھی درخواست کا جواب نہیں دیا۔