Aaj News

بدھ, دسمبر 04, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

پر تشدد احتجاج روکنے کیلئے انسداد فسادات فورس کی تشکیل دی جائے گی، شہباز شریف

دھرنوں میں قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2024 11:07am

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں کے دوران قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے، ملک میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا، انتشار پھیلانے والوں نے بیلاروس کے صدر کے پاکستان کے سرکاری دورے کے وقت ملک کے دارالحکومت پر لشکرکشی کی جو ہمارے لیے شرمندگی کا باعث بنا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت 24 نومبر کو ہونے والے دھرنے میں فسادات کی تحقیقات کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

دوران اجلاس وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موقع واردات سے اسلحہ اور فائرنگ کے نتیجے میں ملنے والے کارتوس اور خول و دیگر شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں، تمام شواہد فارنزک کے لیے بھیجے جائیں گے، موقع واردات پر موجود فسادیوں کی شناخت کا عمل بھی تیز ی سے مکمل کیا جا رہا ہے، شناخت کے بعد تمام فسادیوں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا، دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو زخمی اورشہید کرنے والوں کو قرارواقعی سزائیں دی جائیں۔

وفاقی کابینہ نے پُرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام سے متعلق قومی پالیسی کی منظوری دے دی

وزیراعظم نے کہا کہ انتشار پھیلانے والوں نے بیلاروس کے صدر کے پاکستان کے سرکاری دورے کے وقت اسلام آباد پر لشکر کشی کی جو ہمارے لیے شدید شرمندگی کا باعث بنا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس کی تشکیل دی جائے گی، اسلام آباد سیف سٹی میں فارنزک لیب شامل کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لایا جائے گا اور اس کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

national task force

task forse