مہنگائی میں کمی: افراط زر میں کمی کا فیصلہ اسٹیٹ بینک کرے گا، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے اپنے غیرقانونی ہتھکںڈوں سے ملک کی بے عزتی کرائی، دھرنوں کے سبب اسٹاک مارکیٹ نیچے آگئی، 70 ماہ بعد مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70 ماہ بعد مہنگائی میں کمی آئی ہے اس سے عام آدمی کا بوجھ کم ہوگا، افراط زر اب مزید کم ہوگا تاہم یہ فیصلہ اسٹیٹ بینک کو کرنا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ گزشتہ دنوں دھرنوں نے ملک بھر میں ایک ہیجانی کیفیت پیدا کردی تھی، بالخصوص اسلام آباد میں ایک افراتفری کا عالم تھا، توڑ پھوڑ ہوئی، رینجرز اور پولیس والے شہید ہوئے، ان لوگوں نے اپنے غیرقانونی ہتھکںڈوں سے ملک کی بے عزتی کرائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے کے سبب ایک دن میں اسٹاک ایکس چینج کے پوائنٹس ساڑھے تین ہزار کم ہوگئے لیکن جیسے ہی دھرنے کے خلاف کارروائی ہوئی اور دھرنا ختم ہوا تو اسٹاک مارکیٹ اگلے دن دوبارہ کم بیک کرگئی پچھلا نقصان بھی پورا کیا اور مزید گین کیا، اس کا مطلب ہے کہ استحکام ہو تو معیشت بہتر ہوتی ہے، اس لئے ہمیں معاشی استحکام کی طرف بڑھنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقتصادی اہداف حاصل کریں گے، معاشی بہتری کے اثرات آنے والے دنوں میں مزید مثبت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کی وافر مقدار کے پیش نظر برآمد کرنے کی اجازت دی گئی، چینی برآمد ہونے کے باوجود قیمت میں کمی ہوئی، چینی برآمد کرنے سے ملک کو 500 ملین ڈالر کا فائدہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آرمی کی مکمل گرفت سے اسمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہوا، ایف بی آر محصولات کا ہدف حاصل کرے گا تو نظام میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف اور ٹیم کی کاوشوں سے یورپ کیلئے براہ راست پروازوں کا معاملہ حل ہوا ہے، میں خواجہ آصف اور ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ماضی کی حکومت کے وزیر نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکرغیرذمہ دارانہ بیان دیا، سابق وزیر کے بیان سے ملک کو اربوں کا نقصان پہنچا، میں خواجہ سعد اور اتحادیوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، گزشتہ اتحادی حکومت نے بھی معاملے کیلئے بھرپور کاوشیں کیں۔