چیف جسٹس پاکستان ضمانت کی درخواستیں دائر ہونے کے فوراً بعد سماعت کیلئے مقرر کرنے پر رضامند
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیٰ آفریدی نے ضمانت کی درخواستیں دائر ہونے کے فوراً بعد سماعت کیلئے مقرر کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں رؤف عطا اور جنرل سیکرٹری سلمان منصور نے پیر کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وکلاء کو درپیش مسائل کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بار ایسوسی ایشن کے بہت سے جائز مطالبات کی تائید کی۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے ضمانت کی درخواستیں دائری کے فوری بعد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی حامی بھری، چیف جسٹس نے عبوری و حکم امتناع کے مقدمات کی اِن چیمبر سماعت کی بحالی پر بھی حامی بھری۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کے نامزد ججز پورا ہفتہ اِن چیمبر سماعت جاری رکھیں گے۔ چیف جسٹس نے اِن چیمبر سماعتوں کیلئے ججز کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
چیف جسٹس نے وکلاء کی وڈیو لنک پر پیش ہونے کی درخواستیں سماعت کے روز ہی سننے کی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق اس اقدام سے دور دراز علاقے سے عدالت میں پیش ہونے والے وکلاء کیلئے آسانی پیدا ہوگی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کے نظام کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے بہتر و مؤثر بنایا جا رہا ہے، آن لائن سہولیات کیلئے تمام ایڈووکیٹ اپنے ای میلز اور واٹس ایپ نمبرز درج کروائیں۔
چیف جسٹس نے قانونی برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔