بھارت کو بڑا جھٹکا، ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی چھن گئی
پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کے بعد بھارت سے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی گئی ہے۔
بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پاکستان میں جاری ہے جس کے لیے بھارت نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے این او سی دینے سے انکار کیا تھا۔
اس معاملے پر ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا ملتان میں اجلاس ہوا جس میں بھارتی بلائنڈ ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر گرما گرم بحث ہوئی۔
اجلاس میں بھارت سے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی گئی۔ بھارت کو آئندہ سال ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی تھی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت پاکستان ٹیم کو ویزے نہیں دیتا جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا۔2022 کے بلائنڈ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو بھارت نے ویزے نہیں دیے تھے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سیاسی کشیدگی تک پاکستان اور بھارت کو انٹرنیشنل بلائنڈ کرکٹ کی میزبانی نہیں دی جائے گی۔ دونوں ممالک اپنے ایونٹ نیوٹرل مقام پر کریں گے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں پاکستان کے سید سلطان شاہ کو ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا چیئرمین برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے آئندہ 3سال کیلئے انتخاب بھی عمل میں لائے گئے۔