Aaj News

اتوار, دسمبر 01, 2024  
28 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان میں ایڈز کی وبا بڑھ رہی ہے، عالمی دن پر وزیراعظم کا پیغام

ملک میں ایڈز پھیلنے کی وجہ سرنجوں کا غلط استعمال ہے، ماہریں
اپ ڈیٹ 01 دسمبر 2024 11:10am

وزیراعظم شہباز شریف نے ایڈز کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایچ آئی وی کے خلاف قومی حکمت عملی کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہے، ایسے افراد جو ایڈز کے خطرے سے دو چار ہیں ان کے لیے حکمت عملی بنانا ترجیح ہے، صحت کے نظام کو مضبوط بناتے رہیں گے، آئیے ایڈز سے پاک ملک کے لیے متحد ہو جائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ایڈز کا دن منایا جا رہا ہے، ایڈز کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایچ آئی وی کے خلاف حکمت عملی کو مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہیں، یقینی بنا رہے ہیں کہ ایڈز کے خلاف مہم میں کوئی پیچھے رہ نہ جائے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیہ کی پاسداری اور تمام برادریوں کی شمولیت کو فروغ دینا ایڈز کو صحت عامہ کے خطرے کے طور پر ختم کرنے کے لیے ضروری ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز نہ صرف صحت کا ایک چیلنج بلکہ ایک اہم سماجی و اقتصادی مسئلہ ہے جو کہ معاشی نظام کے لیے بھی ایک خطرہ ہے، ایڈز کی جانچ اور علاج کی کوریج میں ایک خلاء ہے جس کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری اجتماعی کوششوں کے باوجود پاکستان میں ایچ آئی وی کی وبا بڑھ رہی ہے جس کے لیے اختراعی اور پائیدار کوششوں کی ضرورت ہے، مساوات اور شمولیت پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے ہی ہم ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں، مضبوط سیاسی ارادہ اور مؤثر قیادت قومی ایچ آئی وی حکمت عملی کو نافذ کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ایڈز سے پاک ملک کے لیے متحد ہو جائیں، ایڈز سے پاک مستقبل صرف اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے جو انسانی وقار، مساوات اور شمولیت کو فروغ دے۔

ایڈز سے بچاؤ کا عالمی دن

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایڈز سے بچاؤ کا آج عالمی دن منایا جا رہا ہے، دنیا بھر میں ہر سال یکم دسمبر کو ایڈز سے بچاؤ کا دن منایا جاتا ہے۔

ایڈز کا عالمی دن دنیا میں پہلی بار 1987ء میں منایا گیا، یہ دن منانے کا مقصد ایڈز جیسے مہلک مرض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی اور لوگوں کو معلومات فراہم کرنا ہے۔

ایڈز کے مرض کو دریافت ہوئے 25 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، دنیا بھرمیں اب تک کم از کم اڑھائی کروڑ سے زائد افراد اس مرض کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، اس طرح یہ انسانی تاریخ کے مہلک ترین امراض میں شامل ہے۔

ایڈز کا اب تک کوئی علاج دریافت نہیں ہو سکا لیکن مرض کی رفتار سست کرنے کی ادویات ضرور موجود ہیں، ان ادویات کے بر وقت اور درست استعمال سے مریض کو کئی سال زندہ رکھا جا سکتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ایڈز کے مریضوں میں کمی آ رہی ہے لیکن پاکستان میں ایچ آئی وی وائرس میں ہولناک اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان میں ایڈز پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ نشہ کرنے والے افراد کا سرنجوں کا غلط استعمال ہے۔

محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ایچ آئی وی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہے۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

AIDS

AIDS Day

aids world day