Aaj News

جمعرات, نومبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Awwal 1446  

تیسرا ون ڈے؛ پاکستان نے زمبابوے کو 304 رنز کا ہدف دیدیا

زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور رچرڈ نگروا نے 2، 2 جبکہ فراز اکرم نے ایک وکٹ حاصل کی
اپ ڈیٹ 28 نومبر 2024 05:06pm

سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کیلئے 304 رنز کا ہدف دیدیا۔

بلاوائیو میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے، قومی ٹیم کے اوپنرز نے محتاط آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم صائم ایوب 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، عبداللہ شفیق 50 رنز بناکر سنکدر رضا کا شکار بنے۔

تیسری وکٹ کیلئے کپتان محمد رضوان اور کامران غلام کے درمیان 89 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم رضوان 37 بناکر آؤٹ ہوئے۔ کامران غلام 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 103 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں آغا سلمان نے 30، طیب طاہر 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔

زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور رچرڈ نگروا نے 2، 2 جبکہ فراز اکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی کیساتھ سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر زمبابوے کے کپتان کریگ ایروائن نے کہا کہ کوشش ہوگی پاکستان کی جلد وکٹیں لیکر پریشر میں لائیں تاکہ میچ میں کامیابی کو ممکن بناسکیں۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کُن میچ آج بلاوائیو میں کھیلا جارہا ہے، جس کا ٹاس پاکستانی کپتان محمد رضوان نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ میچ میں کامیابی کیساتھ سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں، ہم ینگ ٹیلنٹ کو چانس دے رہے ہیں تاکہ چیمپئنز ٹرافی میں مدد مل سکے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

زمبابوے کے کپتان نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، کوشش ہوگی پاکستان کی جلد وکٹیں لیکر پریشر میں لائیں تاکہ میچ میں کامیابی کو ممکن بناسکیں، ہم سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کا اسکوڈ

پاکستان کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، طیب طاہر، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، ابرار احمد، حارث رؤف اور فیصل اکرم شامل ہیں۔

زمبابوے کا اسکواڈ

زمبابوے کی ٹیم میں کپتان کریگ ایروائن، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا، شان ولیمز شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، سیریز کا پہلا میچ زمبابوے جبکہ دوسرا پاکستان نے جیتا تھا۔

won toss

bulawayo

pakistan vs zimbabwe