Aaj News

جمعرات, جنوری 02, 2025  
02 Rajab 1446  

اسٹاک ایکسچینج نے ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کرلیا، وزیراعظم کی مبارکباد

اسٹاک ایکسچینج کا سنگِ میل عبور کرنا سرمایہ کاروں کے بھروسے کا عکاس ہے، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 28 نومبر 2024 03:37pm

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہوگئی، شاندار کارکردگی کے بعد 100 انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے ایک لاکھ 209 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پربند ہونے پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے، کاروبار کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں مارکیٹ میں کروڑوں کے شیئرز کی فروخت ہوئی۔

کاروبار کے دوران صبح صبح ہی 100 انڈیکس نے 1200 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کرلی، اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 479 پوائنٹس پر ٹریڈنگ کرتا رہا اور آکر میں ایک لاکھ 209 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔

گیارہ بجے کے بعد انڈیکس ایک لاکھ کی حد سے نیچے آگیا۔ تاہم دوپہر ایک بجے تک 99,652 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ترقی معاشی بہتری کی نوید ہے، معاشی ماہرین

دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ترقی معاشی بہتری کی نوید ہے، پاکستان کی معاشی اور اقتصادی پالیسیز درست سمت میں گامزن ہیں، اس سے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قوم کو مبارکباد

ادھر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے بعد 100 انڈیکس میں بڑا اضافہ

اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے، اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاؤں گا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی۔

شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں، ملکی ترقی کے لیے یونہی محنت کرتے رہیں گے، ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

یہ قابل ذکر ہے کہ اسٹاک مارکیٹ 17 ماہ قبل صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی اور صرف 17 ماہ کے عرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ کا سنگ میل عبور کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج ختم ہونے کے نتیجے میں سیاسی بے یقینی میں کمی کے بعد گزشتہ روز 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے سے 99 ہزار 269 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی دن میں 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس یا 4.73 فیصد اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل کے قریب ترین 99 ہزار 269 پر بند ہوا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 99 ہزار پوائنٹس کی حد بحال

یاد رہے کہ 2 روز قبل منگل 26 نومبر کو کاروبار کے آغاز پر بینچ مارک- کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم غیریقینی سیاسی صورتحال کے باعث دوپہر کے بعد مارکیٹ لڑکھڑا گئی تھی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 3 ہزار 505 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور مارکیٹ 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔

PSX

stock market

pakistan stock exchange

Pakistan Stock Exchange (PSX)