شرپسندوں کی تفصیلات کے حوالے سے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں، وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ احتجاج کے نام پر خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔
وزیر اطلاعات کا اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شرپسندوں کی تفصیلات کے حوالے سے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں، فوٹیج میں جدید اسلحے سے لیس نقاب پوش افراد آنسو گیس کے شیل چلاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا سوال یہ ہے کہ کیا آنسو گیس چلانے والی گن مارکیٹ میں دستیاب ہوتی ہے، ان مظاہرین کے پاس جدید اسلحہ کہاں سے آتا ہے؟
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، شرپسندوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تمام تر تفصیلات حاصل کرلی ہیں اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔