بھارتی گلوکار ’بادشاہ‘ کے کلب کے باہر دھماکا، بشنوئی گینگ ملوث نکلا
چندی گڑھ میں بھارتی گلوکار ’بادشاہ‘ کے کلب کے باہر دیسی ساختہ بم دھماکا ہوا ہے، نائٹ کلب کے باہر 2 دھماکوں سے عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا، دھماکا موٹر سائیکل سوار ملزمان کی جانب سے پھینکے گئے بارودی مواد سے ہوا۔
پولیس حکام کےمطابق چندی گڑھ کے سیکٹر 26 میں نائٹ کلب کے باہر 2 دھماکے صبح 2.30 سے 2.45 بجے کے درمیان ہوا، 2 موٹرسائیکل سوار ملزمان بارودی مواد پھینک کرفرار ہوگئے۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق گینگسٹرز گولڈی براراور روہت گودارا (لارنس بشنوئی گینگ) نے سوشل میڈیا کے ذریعے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ڈیوراریسٹورنٹ ، سیویلی بار اور لاؤنج کو نشانہ بنایا، جو بھارتی ریپر بادشاہ کی ملکیت ہے۔
حکام نے مزید کہا گیا ہے کہ ریسٹورنٹ مالکان سے بھتے کے مطالبہ کرتے ہوئے فون کے ذریعے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا تھا۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کی جانب سے اگرچہ ان دعوؤں کی صداقت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم پولیس اس واقعے کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔
واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم دھماکے سے قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور نائٹ کلب کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔
پولیس نے بتایا کہ دیسی ساختہ بم دھماکا ڈیورا کے باہر ہوا جو سیویلی بار اور لاؤنج کے قریب ہے، جو بھارتی ریپر کی ملکیت ہیں، دونوں ریسٹورنٹ ایک دوسرے سے 30 میٹر کے فاصلے پر ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد چندی گڑھ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حملہ آوروں کی شناخت کیلئے تحقیقات شروع کردی ہیں ، بم ڈسپوزل اسکواڈ اورفارنسک لیبارٹری کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ دھماکا دیسی ساختہ بم کی وجہ سے ہوا ہے، جو ممکنہ طور پر بھتہ خوری کے لیے کیا گیا تھا، دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گینگسٹرز گولڈی برار نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی بھی ذمہ داری قبول کی تھی، جسے مئی 2022 کوقتل کیا گیا، برارکو بھارتی حکومت نے غیرقانونی سرگرمیوں پر دہشت گرد قراردے رکھا ہے۔
Comments are closed on this story.