Aaj News

منگل, نومبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Awwal 1446  

بیلاروس کے صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد، پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش

وزیرِاعظم اور بیلاروسی صدر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اپ ڈیٹ 26 نومبر 2024 12:19pm

بیلا روس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو کی وزیراعظم ہاؤس آمد ہوئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق تین روزہ دورے پر آئے بیلاروس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو وزیر اعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے پرجوش اندازمیں مصافحہ کیا۔

بیلاروس کے صدر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کے انعقاد کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جبکہ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ اراکین جبکہ صدر بیلاروس نے اپنے وفد سے تعارف کرایا جبکہ بیلاروس کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔

بعدازاں دونوں رہنماؤں کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قبل ازیں گزشتہ رات بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، نو رخان ایئر بیس پر ان کا تپاک استقبال کیا گیا اور وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔

پاکستان آمد پر صدر بیلاروس کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلیوٹ بھی پیش کیا۔

علاوہ ازیں پاکستان اور بیلاروس کی قیادت دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پر عزم ہے، صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی آج صدر مملکت آصف علی زرداری اور اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے پر بات چیت ہو گی جبکہ ٹریڈ روڈ میپ سمیت دو طرفہ تعاون کے معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

یاد رہے کہ بیلا روس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو 27 نومبرتک پاکستان میں رہیں گے۔

Alexander Lukashenko

PM SHAHBAZ SHARIF

Belarus Delegation in Pakistan

belarus president