پی ٹی آئی کو سنگجانی جانے کا کہا، اڈیالہ سے بھی منظوری مل گئی، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی مظاہرین کو سنگجانی جانے کا کہا اور اس کیلئے انہیں اڈیالہ جیل سے بھی منظوری مل گئی لیکن پھر پی ٹی آئی نے حکومت کو جواب نہیں دیا۔
پیر کو نصف شب کے وقت ڈی چوک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ڈی چوک میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے اس کیلئے آرٹیکل 245 استعمال کرنا پڑے یا کرفیو لگانا پڑے۔
واضح رہے کہ آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا جا سکتا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ دوسری طرف سے لاشیں لینے کی کوشش کی جارہی ہے، چونگی نمبر 26 پر رینجرز کا جوان گولی سے زخمی ہوا اور اس سے پہلے پتھر گڑھ میں 4 جوان گولیوں سے زخمی ہوئے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گولی کا جواب گولی ہوتا ہے لیکن حکومت اس سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ سامنے بھی پاکستانی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریڈلائن کراس نہ کی جائے ورنہ کارروائی ہوگی ۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر صحافیوں کے سوال کے جواب میں محسن نقوی نے ایک بار پھر کہاکہ اڈیالہ جیل سے بھی مظاہرین کو سنگجانی جانے کی اجازت مل گئی ۔
’میری انفارمیشن میں نے آپ کے ساتھ شیئر کر دی ہے کہ مجھے پتا تھا، لیکن میرا خیال ہے کہ۔۔۔ اگر عمران خان سے بھی اوپر کی کوئی لیڈرشپ آگئی ہے جس نے ماننے سے انکار کیا ہے۔۔۔ مجھے نہیں پتا۔ آپ ان سے پوچھیں۔‘
دریں اثنا نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس وقت بشریٰ بی بی پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں اس لیے حکومت کے پاس طاقت کا استعمال کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔